صدر کو صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار نہیں: چوہدری منظور احمد

لاہور (قاسم رضا سے) حیرت ہے ضمانتوں پر ضمانتیں لینے والے کارکنان کو جیلیں بھرنے کی تلقین کر رہا ہے ، ایوان صدر پی ٹی آئی کا ہیڈ کوارٹر بن چکا ہے،صدر علوی نے غیر آئینی حکم جاری کیا۔ صدر کو صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار نہیں۔ صدر مملکت کو آئین کی پاسداری کرنی چاہیے، عارف علوی نے آئین سے کھلواڑ کیا اور ملک کا صدر بننے کے بجائے عمرانی جیالا بننے کی کوشش کی ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے ممبر سنٹرل کمیٹی و انچارج پیپلز لیبر بیورو چوہدری منظور احمد نے روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ضمانتوں پر ضمانتیں لئے جا رہے ہیں اور عوام کو جیل بھرو تحریک کیلئے تیار کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن ایک آئینی اور بااختیار ادارہ ہے اورپاکستان کا آئین سب کیلئے مقدم ہے،پارلیمان جو فیصلہ کرتا ہے صدر اس پر دستخط کرتا ہے ۔ وفاقی حکومت اور کابینہ فیصلے کرتی ہے صدر اس پر عمل درآمد کرواتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملکی سلامتی کیلئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا،ہمیں اپنے سکیورٹی اداروں پر ناز اور فخر ہے،دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کے لیے بھٹو کے وژن کی پیروی کرنا ہو گی۔عوام'علما کرام'طلبہ اور ہر مکتبہ فکر کے افراد کو اس ملک کو دہشت گردی سے بچانے اور ملکی معیشت کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ چوہدری منظور احمد نے کہا ہے کہ ملک،سماج اور معیشت کو اس وقت 5 اداروں اور 50 خاندانوں نے جکڑا ہوا ہے،جب تک اسے ان اداروں اور خاندانوں کے چنگل سے آزاد نہیں کروایا جاتا تب تک محنت کش عوام کا استحصال یونہی جاری رہے گا،اس چنگل سے نکلنے کے لئے محنت کشوں، مزدوروں، کسانوں، نوجوانوں اور مظلوم و محکوم طبقات کو منظم ہو کر اس طبقاتی نظام کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی ۔ملک کا المیہ اس وقت یہ ہے کہ نہ یہاں سیاست ہو رہی ہے اور نہ عدالت ہو رہی ہے، صحافت ہو رہی ہے، نہ ہی حفاظت ہو رہی ہے اور نہ ہی معیشت چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بحران ریاست کے اندر داخل ہو کر اس کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہا ہے۔