امریکہ کا ترکیہ اورشام کیلئے 10کروڑ ڈالرکی اضافی امداد کا اعلان

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکہ نے ترکیہ اورشام کیلئے 10 کروڑڈالرکی اضافی امداد دینے کا اعلان کردیا۔یہ رقم ساڑھے 8 کروڑ ڈالرکی پہلے سے اعلان شدہ امدادی رقم کے علاوہ ہے جبکہ وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے ترکیہ کو یقین دلایاہے کہ امریکہ یہاں موجود ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ صدرجوبائیڈن پناہ گزینوں اور مہاجرت کے ہنگامی معاونت فنڈ(ای آر ایم اے)میں سے پانچ کروڑڈالر اور محکمہ خارجہ اور یو ایس ایڈ کے ذریعے انسانی امداد میں پانچ کروڑڈالر کی منظوری دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔بیان کے مطابق یہ انسانی امداد ترکیہ اورشام میں زلزلے سے متاثرہ کمزورآبادیوں کومہیا کی جائے گی اورامدادی سرگرمیوں میں شریک بین الاقوامی اورغیرسرکاری تنظیموں کی مدد کے لیے دستیاب ہوگی۔اس نئے امدادی پیکج سے ضروری امدادی اورزندگی بچانے والی اشیا جیسے کمبل، گدے، فوڈ پیک، گرم کپڑے، خیموں اور پناہ گاہوں کے سامان کی خریداری کی جائے گی۔اس کے علاوہ ادویہ اورصحت کی خدمات، صاف پانی اور صفائی ستھرائی کی کوششوں اور زلزلے سے متاثرہونے والے بچوں اورنوجوانوں کی تعلیم میں مدد دینے کے پروگراموں پربھی یہ امدادی رقم خرچ کی جائے گی۔