واشنگٹن/ اسلام آباد (بیورو رپورٹ+ مانیٹرنگ ڈیسک) ”خواتین پر پابندیاں پشتون کلچر“اقوام متحدہ میں مستقل پاکستانی مندوب منیر اکرم کے بیان ہنگامہ ،پشتون کمیونٹی سراپا احتجاج،قائمہ کمیٹی کانوٹس،ٹوئٹر معذرت مسترد،استعفیٰ مانگ لیا۔ تفصیلات کے مطابق منیر اکرم کے اقوام متحدہ فورم میں ”خواتین پر پابندیوں کو پشتون کلچر“قراردینے پر پشتون کمیونٹی سراپا احتجاج بن گئی،پشتون کمیونٹی نے انتہائی متنازع بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کابیان ناقابل قبول ہے،فوری طور پر برطرف کیاجائے۔ ادھر سینئر صحافیوں نے دعویٰ کیا قائمہ کمیٹی خارجہ امور کے سربراہ محسن داوڑ نے منیر اکرم کے بیان کانوٹس لیتے ہوئے ٹوئٹر معذرت مسترد کردی،قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں منیر اکرم نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کانام لینا تھا غلطی سے پشتون نکل گیا،میں نے تو پاکستان کے حق میں موقف اپنایا ،افغان طالبان پر پابندی سے ملک کیلئے مسائل بڑھیں گے۔ محسن داوڑ نے کہا آپ نے اور بھی بہت سی باتیں کیں ایسا لگتا ہے آپ پاکستان نہیں طالبان کی نمائندگی کررہے ہیں۔ سندھ سے کمیٹی کے ممبر نے کہا آپ نے پوری پشتون برادری کو ٹھیس پہنچائی ،آپ کو استعفیٰ دینا چاہیے۔ منیر اکرم نے کہا 50سال سے خدمات سرانجام دے رہاہوں ،معذرت کرلی پھر بھی اگر آپ سمجھتے ہیں تو حکومت کے پاس مجھے ہٹانے کااختیار ہے۔ کمیٹی نے ٹوئٹر معذرت مستر د کرتے ہوئے کہا منیر اکرم اقوام متحدہ فورم پر جاکر ہی پشتون برادری سے معافی مانگیں۔ دوسری جانب ڈاکٹر مشتاق،طارق خان،ممتاز قانون دان چودھری افتخار تارڑ، معظم خان،برہان خان،کنڈی خان ودیگر نے کہا منیر اکرم کابیان پشتون برادری،طالبان کو لڑانے کی سازش ہے۔ منیر اکرم نمائندے پاکستان کے ہیں او ر مقدمہ طالبان کالڑ رہے ہےں ،حکومت فوری طور پر بیان کانوٹس لے ، منیر اکرم کو عہدے سے ہٹایا جائے۔
”خواتین پر پابندیاں پشتون کلچر“منیراکرم کے بیان پر ہنگامہ


















