شجر کاری مہم کاافتتاح،پنجاب میں3کروڑ پودے لگانے کاہدف مقرر

لاہور (خبر نگار)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا باضابطہ پیپر لیس اجلاس ہوا،کابینہ کے پانچواں اجلاس کا انعقاد کیبنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت کیاگیا،کیبنٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت صوبائی کابینہ کے ہرپیپر لیس اجلاس پر 20لاکھ روپے کی بچت ہوگی،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی وکابینہ نے پیپر لیس اجلاس کے انعقاد پرسیکرٹری آئی اینڈ سی مریم خان کی کاوشوںکو سراہا،کابینہ اجلاس کا ایجنڈاٹیبلٹ پر پیش کیا گیا،رمضان المبارک میں صوبے کے عوام کو حقیقی ریلیف دینے کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیاگیا،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رمضان ریلیف پیکیج کو حتمی شکل دینے کیلئے وزارتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی،کمیٹی اگلے اجلاس میں رمضان پیکیج پر حتمی سفارشات پیش کرے گی،اجلاس میں گندم کی امدادی قیمت پر نظر ثانی کافیصلہ کیاگیااوراس ضمن میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے گندم سے حتمی سفارشات طلب کرلی گئیں،اجلاس میں پی ایس ایل میچوں کے دوران سکیورٹی اخراجات کا تعین کرنے کیلئے وزارتی کمیٹی قائم کی گئی،کمیٹی زیرو رسک پرکم از کم اخراجات کی سفارشات پیش کرے گی ،کابینہ نے مالی سال 2022-23 کیلئے کفایت شعاری پالیسی کی منظوری دی،کفایت شعاری کمیٹی بچت کیلئے اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائے گی،اجلاس میں پنجاب پولیس کے آپریشنل اخراجات کیلئے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ ،چیئرمین پنجاب انوائمنٹ ٹربیونل کے عہدے پرجسٹس (ر)سید کاظم رضا شمسی کے تقرر کی منظوری بھی دی گئی،دریں اثناء نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے موسم بہار 2023 کی شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ آفس کے لان میں بوتل پام کا پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا اور شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا مانگی، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاپنجاب بھر میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران 3 کروڑ پودے لگائے جائیں گے، درخت لگانا قومی فریضہ و سماجی ذمہ داری بھی ہے،شہری شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور درختوں کی دیکھ بھال بھی کریں، پودا لگالینا ہی کافی نہیں بلکہ حفاظت بھی اتنی ہی اہم ہے،درخت لگائیں اور امید جگائیں۔