لاہور (نمائندہ خصوصی) تحریک لبیک و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام 19 فروری کو مینارِ پاکستان کے وسیع و عریض پنڈال میں منعقد ہونے والی تاریخی ”آل پاکستان سنی کانفرنس“ کے سٹیج اور پنڈال کا جائزہ لینے کیلئے تحریک لبیک کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے دیگر قائدین کے ہمراہ مینارِ پاکستان کا دورہ کیا۔ مینارِ پاکستان کے سائے تلے انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”آل پاکستان سنی کانفرنس“ کا مقصد ملک کی اکثریتی آبادی کے حقوق کا تحفظ ہے۔ حقوقِ اہل سنت میں سرفہرست عقائد اہل سنت کا تحفظ ہے۔ ہمارے اکابرین نے پاکستان بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مینارِ پاکستان پر جلسہ کرنا ہمارا جمہوری، آئینی اور شرعی حق ہے۔ امید ہے انتظامیہ ہمارے ساتھ تعاون کرے گی۔ سنی کانفرنس میں اہل بیت اطہار، امہات المومنین اور صحابہ کرام کے ناموس کے بل کی حمایت میں بھرپور آواز بلند کی جائے گی کہ اسے قومی اسمبلی کی طرح سینیٹ سے بھی منظور کروا کے فوری طور پر نافذ کیا جائے۔ کانفرنس میں دہشت گردی، کمر توڑ مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔ عام انتخابات سے قبل قوم میں ووٹ کے صحیح استعمال کی سوچ اجاگر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا: قوم نے دیکھ لیا کہ باقی سب کھوٹے سکے ہیں۔ خوشحالی صرف نظامِ مصطفی میں ہے۔ انہوں نے کہا: کشمیر سمیت ملک کے تمام صوبوں میں کانفرنس کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ ملک بھر سے قافلے مینارِ پاکستان کا رخ کرنے کے لیے عازمِ سفر ہیں۔ بیرونِ ملک سے بھی وفود شرکت کریں گے۔ شرپسند عناصر کی طرف سے کانفرنس کی تشہیری مہم کو بار بار نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی مگر ہمارے حوصلے بلند ہیں۔ کارکن پرامن رہیں اور قافلوں کی شرکت کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد آصف علی بلالی، میاں محمد شفیع جلالی، علامہ فرمان علی حیدری، علامہ صدیق مصحفی، ڈاکٹر فیاض فرقانی، صاحبزادہ مرتضیٰ علی ہاشمی، علامہ رضوان اکرم جلالی، مفتی فرید احمد جلالی، علامہ فیاض وٹو جلالی، مفتی شاہد عمران جلالی، صاحبزادہ حامد مصطفی جلالی، علامہ وسیم عباسی، محترم ظفر اقبال سرہندی، مفتی فاروق جلالی و دیگر بھی شریک تھے۔
مینار پاکستان پر جلسہ کرنا حق ہے: اشرف آصف جلالی



















