لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن جواد نے انتخابات تاریخ کیس میں ریمارکس دئیے پریس ریلیزوں کو نہیں مانتے،فیصلے کامذاق نہ بنائیں، انتظار کریں،تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میںجسٹس جواد حسن نے احکامات کے باوجود پنجاب میں الیکشن کی تاریخ نہ دینے پر الیکشن کمیشن و گورنر پنجاب کےخلاف توہین عدالت درخواست پر سماعت کی،جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دئیے اظہر صاحب آپ کی درخواست اتنی جلدی لگ کیسے جاتی ہے؟ آپ کو اتنی جلدی کیا ہے، کیا آپ کو عدالتوں پر اعتماد نہیں ؟، عدالت نے استفسار کیا الیکشن کمیشن و گورنر کے وکیل کہاں ہیں؟ کیا الیکشن کمیشن نے کوئی اپیل دائر کی ہے؟،جسٹس جواد حسن نے کہا عدالت نے اپنا کام کردیا اب عدالت انتظار کر رہی ہے وہ کیا کر رہے ہیں، درخواست گزار کے وکیل نے کہاالیکشن کمیشن نے پریس ریلیز جاری کی ، گورنر نے تاریخ دینے سے انکار کیا ،جسٹس جواد حسن نے کہا عدالت پریس ریلیزوں کو نہیں مانتی، الیکشن کمیشن کے پاس اپیل کےلئے 20 روز ہیں، آپ انتظار کریں،درخواست گزار کے وکیل نے کہا تشریح کا لفظ استعمال کرنے کا مطلب ہے فیصلے پر عمل نہیں کرنا،جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا توہین عدالت ایسے تو نہیں بنتی، میں نے فیصلہ دیا ،مذاق نہ بنائیں، ابھی انتظار کریں،لاہور ہائی کورٹ کے جج نے درخواست گزار کے وکیل سے سوال کیا کیوں عوام کو گمراہ کر رہے ہیں؟جسٹس جواد حسن نے اظہر صدیق کو ہدایت دیتے ہوئے کہا عدالت پر زور نہ ڈالیں اب آپ نے اور دباﺅ ڈالا تو جرمانہ کروں گا،لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کے معاملے پر الیکشن کمیشن کو پیشرفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
الیکشن تاریخ کیس، پریس ریلیزوں کو نہیں مانتے،فیصلے کامذاق نہ بنائیں، انتظار کریں،ہائیکورٹ

















