روسی حملے کا بھرپور جواب دیں گے‘امریکی صدر جوبائیڈن

واشنگٹن:(لیڈر نیوز)امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ روسی حملے کا بھرپور جواب دیں گے، یوکرین پر روسی حملے کے نتائج پر آج قوم سے خطاب کروں گا۔امریکی صدر جو بائیڈن نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین پر روس کا حملہ تباہ کن انسانی جانی نقصان کا باعث بنے گا، دنیا یوکرین پر حملے کے لیے روس کو جوابدہ ٹھہرائے گی اور امریکا اور اس کے اتحادی متحد اور فیصلہ کن انداز میں جواب دیں گے۔ نیٹو کے سربراہ جینز اسٹولٹن برگ نے روس کے یوکرین پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس نے یوکرین پر بلا اشتعال حملہ کیا، روس نے لاتعداد جانوں کو خطرے میں ڈالا، نیٹو اتحادیوں کے دفاع کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا، روس نے خودمختار ملک کے خلاف جارحیت کا راستہ اختیار کیا،مشکل وقت میں یوکرین عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ادھر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے یوکرین پر روسی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی صدر نے بلا اشتعال حملہ کرکے خونریزی اور تباہی کا راستہ چنا ہے۔ برطانیہ نے اس کے جواب میں کہا کہ روس نے یوکرین کے سر پر بندوق تان رکھی ہے، روس جنگ کی بات نہیں سن رہا اور یہ جنگ عظیم مصائب اور جانی نقصان کا باعث بنے گی۔