ڈیجیٹل دنیا میں مادری زبان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا

لاہور:(لیڈرنیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل دنیا میں بھی مادری زبان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ زبان قوم کو پہچان دیتی ہے۔ مادری زبان کی حفاظت ہم سب کی سماجی ذمہ داری ہے۔مادری زبانوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ زبان نہ صرف جذبات کے اظہار کا ذریعہ ہے بلکہ قوموں کی شناخت بھی کرتی ہے۔ آج کے جدید دور میں مادری زبان کا فروغ ایک اہم ضرورت ہے۔ مادری زبان کی تعلیم بچوں کی ذہنی نشوونما پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ مادری زبانوں کی قومی شناخت اور ایک قیمتی ثقافتی ورثہ کی حیثیت مسلمہ ہے۔ مادری زبان کا ہر لفظ اور جملہ قومی روایات، ثقافت، ذہنی اور روحانی تجربات پر مشتمل ہوتا ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ زبان ایک سماجی تحفہ ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ایک نسل سے دوسری نسل کو منتقل ہوتی رہتی ہے۔ مادری زبان کو ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کا ایک موثر ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔