بھارت جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کی جڑ ہے‘منیر اکرم

نیویارک:(لیڈر نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب منیر اکرم کا کہنا ہے کہ بھارت دہشت گردی کا شکار نہیں بلکہ جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کی جڑ ہے۔سلامتی کونسل میں پاکستان کے ایلچی منیر اکرم نے اپنے خطاب میں بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ سلامتی کونسل کی فہرست میں شامل دہشت گرد تنظیموں کو بھارت نے فنڈنگ فراہم کی، کراچی اسٹاک ایکسچینج اور داسو پر دہشت گرد حملے کیے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔منیر اکرم نے کہا کہ بھارت نے 1989 سے اب تک 96 ہزار کشمیریوں کو شہید کیا، 11 لاکھ خواتین کی عصمت دری کی، 100,000 سے زائد گھر اور اسکول تباہ کیے اور مقبوضہ وادی کو مسلم اکثریتی ریاست سے ہندو اکثریتی ریاست میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔