لاہور:(لیڈرنیوز)این اے 133سے تحریک انصاف کے امیدوارجمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ نے لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف رجوع کر لیا۔لاہور ہائی کورٹ کے ایپلٹ الیکشن ٹربیونل میں جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ نے اپنے وکیل قاضی مبین کے ذریعے اپیل دائر کی جس میں کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا۔اپیل میں کہا گیا کہ ریٹرننگ افسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ حقائق کے مطابق نہیں۔ ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے کیونکہ تجویز کنندہ کا تعلق این اے 133 سے نہیں تھا۔ اپیل میں جمشید چیمہ نے دعویٰ کیا کہ تجویز دینے والے بلال حسین کا تعلق اسی یونین کونسل سے ہے۔درخواست میں پی ٹی آئی نے نشاندہی کی کہ تجویز کنندہ کا شناختی کارڈ، ڈومیسائل این اے 133 کی تمام دستاویزات ہیں، اس لیے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے ریٹرننگ افسر کے اقدام کو کالعدم قرار دیا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان اپیل پر سماعت کریں گے۔
#Jamshed Iqbal Cheema and Musarrat Cheema #NA133 #Lahore High Court


















