سبی:ایف سی گاڑی پر دہشتگردوں کا حملہ‘5اہلکار شہید

سبی:بلوچستان کے ضلع سبی میں دہشت گردی کے ایک حملے میں پانچ ایف سی اہلکار شہید ہوگئے۔پاک فوج تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ، سبی کے ضلع سنگین میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور کی گشتی پارٹی پر حملہ کیا ، جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں پانچ ایف سی اہلکار شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں حوالدار ظفر علی خان ، لانس نائک ہدایت اللہ ، لانس نائک عباس ، لانس نائک بشیر احمد اور سپاہی نور اللہ شامل ہیں۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید ظفر علی خان ، شہید ہدایت اللہ اور شہید نور اللہ کا تعلق لکی مروت سے ہے جبکہ شہید ناصر عباس کا تعلق بھکر سے تھا اور شہید بشیر احمد کا تعلق نصیرآباد سے ہے ۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فورسز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان ہوا جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کچھ عناصر دشمن انٹیلیجنس ایجنسیوں کی مدد سے بزدلانہ کاروائیاں کررہے ہیں ، ایسے عناصر کے ذریعہ بلوچستان میں امن کو سبوتاز نہیں ہونے دیا جائے گا ، سکیورٹی فورسز اپنی جانیں قربان کرکے دشمنوں کے ارادوں کو ناکام بنادیں گی۔


#terrorist attack #Five FC men were martyred #Balochistan #ISPR #Pakistan Army Public Relations #terrorists