نواز شریف کی جائیدادنیلام کرنے کا عمل شروع

اسلام آباد:احتساب عدالت کے حکم پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کی املاک کو نیلام کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔شیخوپورہ میں نواز شریف کی 11 ایکڑ 4 مرلہ اراضی کو نیلامی کے لئے پیش کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں جائیداد کی نیلامی کا عدالتی حکم پڑھ کر سنایا گیا جب کہ جائیداد کی نیلامی کے دوران دو دعویدار سامنے آگئے۔دعویدار مختار حبیب اور نوید ناصر نے دعویٰ کیا کہ وہ زمین کے موروثی مالک ہیں اور زمین ان کی ہے۔ اس کی نیلامی کیسے کی جاسکتی ہے؟ضلعی انتظامیہ نے اراضی کے دعویداروں کو عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔لوگوں کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اراضی کی نیلامی میں شرکت کی دعوت دی جارہی ہے۔ ابھی تک کسی نے بولی میں حصہ نہیں لیا۔ترجمان ضلعی انتظامیہ شیخوپورہ فیصل جاوید نے بتایا کہ 11 ایکڑ اور 4 مرلہ اراضی کی نیلامی ایک ہی بار میں ہوگی۔ نیلامی کا ایک اشتہار ضلعی انتظامیہ نے شائع کیا ہے۔