احتساب عدالت‘نوازشریف کی جائیدادنیلام کرنے کا حکم

راولپنڈی: احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم دے دیا۔نیب راولپنڈی نے نواز شریف کی املاک کی نیلامی کے لئے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے قبول کرلیا جبکہ عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہار کے مطابق نواز شریف کی جائیداد کو نیلام کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالتی حکم کے مطابق ، نواز شریف کے پاس جہاں بھی جائیداد ہے اور اس پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا تو متعلقہ صوبائی حکومت اس کی نیلامی کر سکے گی۔عدالت نے اپنے حکم میں ڈی سی لاہور اور ڈی سی شیخوپورہ کو نواز شریف کی اراضی بیچنے کا حکم دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز لاہور اور شیخوپورہ کو 60 دن میں رپورٹ پیش کرنے ، جائیدادوں کی نیلامی اور رقم قومی خزانے میں جمع کرنے کی ہدایت کی ہے۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ 30 دن کے اندر نواز شریف کی گاڑیوں کی نیلامی بھی کی جائے اور پولیس کی مدد سے گاڑیوں کو ضبط کرکے فروخت کیا جائے۔عدالت نے ای ٹی او لاہور اور اسلام آباد کو نواز شریف کی 3 گاڑیاں اور 2 ٹریکٹر فروخت کرنے اور ان کے 8 بینک کھاتوں میں رقم قومی خزانے میں جمع کروانے کا بھی حکم دیا۔عدالت نے چیئرمین ایس ای سی پی کو نواز شریف کی چار کمپنیوں میں شیئر فروخت کرنے کی بھی ہدایت کی جس سے یہ رقم قومی خزانے میں جمع کی جائے گی۔واضح رہے کہ مریم نواز نے مری اور چھانگا گلی مکانات ضبط کرنے پر اعتراض کیا ہے۔