لاہور (قاضی ندیم اقبال) ملک بھر میں غیر مسلم وقف املاک اور زرعی رقبوں پر ناجائز قبضوں کے انکشافات کے بعد متعلقہ اداروں نے بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکومتی ترجیحات کی روشنی میں لاہور سمیت بھر میں تعینات ایڈمنسٹریٹرز، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرز اور اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹرز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے 6 نکاتی رپورٹس طلب کر لیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی اور صوبائی سطح سے موصول ہونے والی رپورٹس کی روشنی میں ایک جامع حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے جس کے تحت گورودواروں اور مندروں کے نام پر موجود غیر مسلم وقف اراضی پر قابض افراد کی تفصیلات اکٹھی کی جائیں گی اور تمام متعلقہ محکموں کے تعاون سے مرحلہ وار آپریشن شروع کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اور متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کو مختلف زونل ہیڈ کوارٹرز اوراضلاع سے موصول ہونے والی ابتدائی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کئی برسوں سے غیر مسلم وقف بورڈ کی قیمتی زرعی و کمرشل اراضی پر بااثر افراد قابض ہیں جبکہ بعض مقامات پر ایک ہی شخص یا خاندان کے زیر استعمال وسیع زرعی رقبے سالہا سال سے موجود ہیں۔اس صورتحال کے باعث محکمہ کو کروڑوں روپے مالیت کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ گذ شتہ سالوں کے دوران غیر مسلم وقف املاک کی نگرانی اور ریکارڈ کی بروقت جانچ نہ ہونے کے باعث ناجائز قبضوں میں مسلسل اضافہ ہوا۔ اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹرز، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرز اور اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹرز کی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ دیکھا جائے گا کہ متعلقہ افسران نے غیر قانونی قبضوں کے خاتمے، ریکوری اور محصولات کی وصولی کیلئے کیا اقدامات کئے اور اگر غفلت یا ملی بھگت ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ مجوزہ پلان کے تحت ایک جانب تمام صوبوں سے غیر مسلم وقف اراضی کا مکمل ڈیٹا حاصل کیا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے ضلعی انتظامیہ، بورڈ آف ریونیو، پولیس اور اینٹی کرپشن سمیت دیگر اداروں سے تعاون لیا جائے گا۔ ہر ضلع میں وقف رقبے کی نشاندہی، موجودہ استعمال، لیز ریکارڈ اور قابضین کی تفصیلات مرتب کی جائیں گی تاکہ غیر قانونی استعمال اور سرکاری ریکارڈ میں موجود تضادات کو ختم کیا جا سکے۔ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ متعدد مقامات پر زرعی اراضی انتہائی کم لیز ریٹ پر طویل عرصے سے مخصوص افراد کے زیر استعمال ہے جبکہ کئی کیسز میں لیز معاہدوں کی مدت ختم ہونے کے باوجود قبضہ برقرار رکھا گیا۔ اس صورتحال سے نہ صرف قومی خزانے کو نقصان پہنچا بلکہ وقف املاک کے اصل مقاصد بھی متاثر ہوئے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ایسی تمام اراضی کو شفاف نیلامی یا نئی پالیسی کے تحت مارکیٹ ریٹ پر لیز پر دینے کی پالیسی واضع کر دی گئی ہے، تاکہ آمدن میں اضافہ کیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکام نے واضح کیا ہے کہ ناجائز قبضوں کے خاتمے کیلئے سیاسی دباو¿ یا اثر و رسوخ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا اور قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومتوں کو بھی ہدایات جاری کئے جانے کا امکان ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں وقف املاک کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کریں۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق بعض علاقوں میں آپریشن کے دوران مزاحمت کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی جا سکتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کا مقصد صرف سرکاری و وقف املاک کی واگزاری اور قومی اثاثوں کا تحفظ ہے تاکہ ان وسائل کو عوامی و فلاحی مقاصد کیلئے مو¿ثر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔
غیر مسلم وقف املاک، زرعی رقبوں پر ناجائز قبضوں کیخلاف کریک ڈاون کا فیصلہ


















