مسیحی برادری کو بھرپور اور موثر سکیورٹی فراہم کی جائے: آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے موقع پر پنجاب بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت جاری کی ہے کہ مسیحی برادری کو بھرپور اور موثر سکیورٹی فراہم کی جائے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں 30 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔ گڈ فرائیڈے کے 2270 پروگرامز پر 13 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے، جبکہ ایسٹر کے 3153 پروگرامز پر 17 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔لاہور میں گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے موقع پر 5 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ حساس گرجا گھروں پر اضافی نفری، سنائپرز اور کمانڈوز تعینات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ دعائیہ اور مذہبی تقریبات کے اختتام تک کوئی بھی اہلکار اپنا ڈیوٹی پوائنٹ ہرگز نہ چھوڑے، جبکہ شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی چیکنگ مزید سخت کی جائے۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام پولیس فارمیشنز اور یونٹس کے سربراہان، ایڈیشنل آئی جیز، ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی، ڈی آئی جیز، اے آئی جیز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں انتظامی و پالیسی امور، رولز میں ترامیم اور پولیسنگ سے متعلق مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مختلف اضلاع میں نئے سب ڈویژنز اور پولیس سٹیشنوں کے قیام، حدود کے ازسرِنو تعین اور ترقیاتی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔یونٹس کے سربراہان نے ایجنڈے میں شامل امور پر اپنی ٹھوس تجاویز اور مشاہدات پیش کئے جبکہ آئی جی پنجاب نے انتظامی امور کی موثر انجام دہی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔آئی جی پنجاب نے اجلاس میں زیر بحث آنے والی تجاویز کو مزید بہتر اور اپ گریڈ کرکے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اہم پالیسی امور پر بروقت فیصلہ سازی کیلئے پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیا جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ساو¿تھ پنجاب، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، کمانڈنٹ پی سی، گوجرانوالہ، بہاولپور اور سرگودھا ریجنز کے آر پی اوز، سی پی او ملتان اور ڈی پی اوز سیالکوٹ، سرگودھا اور بہاولپور نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔