ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے لیبر اور مشینری میں اضافہ کیا جائے : کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت خصوصی اجلاس کا انعقاد، پاکپتن روڈ پر زیر تعمیر منڈیوں پر کام کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد، اے سی جنرل غلام حسین بھٹی، مارکیٹ کمیٹی افسران اور پبلک ہیلتھ کے متعلقہ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے جاری تعمیراتی کاموں پر بریفنگ دی۔ کمشنر ساہیوال نے تعمیراتی کام کی سست رفتار پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار کو فوری طور پر تیز کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ بجلی، پانی کی فراہمی اور دکانوں کی تعمیر کا عمل مئی کے آخر تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔ کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز اور مارکیٹ کمیٹی افسران کو تعمیراتی کام کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل کا کہنا تھا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے لیبر اور مشینری میں اضافہ کیا جائے تاکہ منڈیوں کی جلد منتقلی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ منڈیوں کی شفٹنگ سے شہر میں ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی، ملحقہ بازاروں میں آمد و رفت میں بہتری آئے گی جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے گزشتہ روز زیر تعمیر سلاٹر ہاوس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اعلیٰ تعمیراتی معیار اور بروقت تکمیل کی ہدایت کی۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، متعلقہ افسران اور کنٹریکٹر بھی ان کے ہمراہ تھے۔چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ سلاٹر ہاوس کی تعمیر میں استعمال ہونے والا میٹریل اعلیٰ معیار کا ہونا چاہیے اور کام کی رفتار کو تیز کرتے ہوئے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔انہوں نے سلاٹر ہاوس کے داخلی راستے کو خوبصورت بنانے اور چار دیواری کی تعمیر کی ہدایت بھی کی۔ کمشنر نے کہا کہ سلاٹر ہاوس میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں جو ایک جدید ذبح خانے کیلئے ضروری ہیں، جن میں دفاتر، واش رومز، مرکزی داخلی دروازہ، پارکنگ ایریا، جانوروں کیلئے پانی کی مناسب سہولت اور پانی کی ٹینکی کی تعمیر بھی شامل ہے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔