آپریشن ”غضب للحق“ کے اثرات ،KP میں دہشتگردی 65 فیصد کم


اسلام آباد ،پشاور:(بیوروروپورٹ) افغانستان میں دہشتگردوں کےخلاف آپریشن غضب للحق کے بعد خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں 65 فیصد کمی آگئی۔

سرکاری دستاویز کے مطابق رواں سال آپریشن غضب للحق سے پہلے کے پی میں دہشتگردی کے 240 واقعات ہوئے جبکہ آپریشن کے بعد صوبے میں اب تک دہشتگردی کے 80 واقعات رپورٹ ہوئے،آپریشن سے پہلے رواں سال کے نویں ہفتے دہشتگردی کے سب سے زیادہ 48 واقعات رپورٹ ہوئے جو آپریشن کے بعد رواں سال کے بارہویں ہفتے میں کم ہوکر12 رہ گئے،دستاویز کے مطابق رواں سال کے دسویں ہفتے دہشتگردی کے 42 اور گیارہویں ہفتے 29 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ صوبے میں رواں سال مجموعی طور پر دہشتگردی کے 323 واقعات رپورٹ ہوئے۔

وزیرمملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا افغانستان میں دہشتگردوں ، پناہ گاہوں کو نشانہ بنانے سے دہشتگردی میں کمی آئی، ملک سے ہر صورت دہشتگردی کا خاتمہ کیا جائےگا، آپریشن غضب للحق میں اسلام آباد اور بنوں سمیت ملک میں دہشتگردی حملوں میں ملوث ماسڑ مائنڈ مارے گئے، آپریشن کے دوران پاکستان پرحملوں کےلئے افغان سرزمین استعمال کرنےوالے کئی خطرناک دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے ،افغانستان کی عبوری حکومت کو کالعدم دہشتگرد تنظیم ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں اور ٹھکانوں کی نشاندہی کی تھی۔

دوسری جانب چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے کہا آپریشن غضب للحق کے صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر مثبت اثرات پڑے ہیں، دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، دہشتگردی کے واقعات میں کمی پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ہوئی۔