پنجاب ،پہلا سکل سٹی قائم کرنے کی منظوری،نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنانے کا ہدف


لاہور:(نمائندہ خصوصی )پنجاب میں پہلا سکل سٹی قائم کرنے کا اصولی فیصلہ ، وزیراعلیٰ مریم نواز نے منظوری دیتے ہوئے پراجیکٹ کیلئے تجاویز و پلان طلب کر لیا۔

مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میںمیٹرک ٹیک، سکول بیسڈ سکلڈ ڈویلپمنٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،سکل سٹی پراجیکٹ میں انڈسٹری کی ضروریات سے مطابقت رکھتے ہوئے ٹیکنیکل ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ قائم ہوں گے،سکل ایجوکیشن کے اداروں کو سینٹر آف ایکسی لینس بنایا جائے گا۔

پنجاب کے ٹیکنیکل ووکیشنل ایجوکیشن بورڈ کا سکاٹ لینڈ ،برطانیہ کے اداروں سے الحاق پر اتفاق کیاگیا،نوجوانوں کو انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق ٹیکنیکل و پریکٹیکل ایجوکیشن دی جائےگی،نوجوانوں کو میٹرک کے بعد اچھے روزگار کے قابل بنانے کا ہدف مقرر کردیاگیا،گرافک ڈیزائننگ، میڈیا پروڈکشن، فیشن ڈیزائننگ، ڈیٹا کوڈننگ، ٹورازم ایکسپرٹ کے ٹیکنیکل کورسز کرائے جائیں گے ،انڈسٹریل الیکٹرکیشن، پلمبرننگ، سولر واٹر ہیٹنگ سسٹم، پروفیشنل شیف، الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل کی تعلیم بھی دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے ٹیکنیکل ایجوکیشن کےلئے بہترین اساتذہ کی خدمات حاصل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاچاہتی ہوں پنجاب کا ہرنوجوان بے مثال ہنرمند اور اپنے فن میں یکتا ہو، یوتھ فورس کو ٹیکنیکل ایجوکیشن سے پنجاب کی حقیقی طاقت بنائیں گے،نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ٹیکنیکل ایجوکیشن دینے کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

علاوہ ازیں مریم نواز نے رمضان المبارک کے دوران عوامی خدمت کے اہداف مکمل ہونے پر سوشل میڈیا پیغام میں اظہار تشکر کرتے ہوئے کہانگہبان رمضان پیکیج کے تحت عوامی خدمت کا تاریخی ریکارڈ قائم ،خوشی کے لمحات میں کسی کو تنہا نہ چھوڑنے کا عہد پورا کردیا،پہلی مرتبہ عوام کو امداد عزت و احترام کےساتھ براہ راست دہلیز پر ملی،ساڑھے 4 لاکھ خاندانوں یعنی تقریباً اڑھائی کروڑ افراد کو پیکیج کے ذریعے مالی معاونت فراہم کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا مریم کو بتائیں پروگرام کے تحت 45 ہزار خاندانوں کو 10 ہزار روپے دیے گئے،صوبے بھر میں 40 لاکھ روزہ داروں نے 422 نگہبان دسترخوانوں پر افطار کیا،پرائس کنٹرول کےلئے صوبہ گیر مہم کے مثبت نتائج سامنے آئے ،اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مثالی کنٹرول دیکھنے میں آیا، 75 رمضان بازاروں میں روزانہ ساڑھے 5 لاکھ سے زائد شہریوں نے خریداری کی،منیارٹی کارڈ بین المذاہب ہم آہنگی کی اہم مثال ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے جنگلات کے عالمی دن پر پیغام میں کہا جنگلات ماحول، معیشت ،شہریوں کےلئے لائف لائن ہے، عوام درخت ضرور لگائیں، چاہے سائے میں بیٹھنے کی توقع ہونہ ہو، بچے اپنے والدین ،اساتذہ کرام کے نام پر درخت لگائیں،حکومت ماحولیاتی آلودگی ختم کرنے اور نئی نسل کو صاف ستھرا ماحولیاتی نظام دینے کیلئے پرعزم ، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے شجرکاری ناگزیر ہے،مریم نواز نے کہادرخت لگائیں اور سموگ کے اندھیرے ہمیشہ کےلئے مٹائیں، جنگلات و جنگلی حیات کی حفاظت کےلئے تھرمل سینسرکی مدد ،جنگلات کی حدود کے تعین کےلئے کمپارٹمنٹ لیول فارسٹ میپنگ کی جارہی ہے،جنگلا ت میں لگنے والی آگ کے بروقت سدباب کیلئے ڈی ٹیکشن انٹیلی جنس سسٹم فعال ، ہنگامی صورتحال کےلئے خصوصی ہیلپ لائن 1084 قائم کر دی ۔