لاہور (قمر عباس نقوی) سرکاری اداروں میں شفافیت اور احتساب کے دعووں کے برعکس پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زون ٹو میں مبینہ طور پر بدانتظامی اور کرپشن کا ایک اور سنگین سکینڈل سامنے آگیا ، مبینہ طور پر درجنوں ملازمین کو گھر بیٹھے تنخواہوں کی ادائیگی، زون انتظامیہ گھوسٹ ملازمین کے ذریعے ماہانہ وصولی کا انکشاف۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ زون ٹو میں تعینات پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر و سپر وائزر محمد شاہ کی مبینہ سرپرستی میں ”کھاتہ ملازمین“ کی پرانی پالیسی دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ 20 سے زائد ملازمین ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوتے بلکہ صرف بائیو میٹرک حاضری لگانے کیلئے آتے ہیں اور اس کے بعد غائب ہو جاتے ہیں جبکہ باقی وقت وہ اپنے ذاتی کاروبار یا دیگر جگہوں پر کام کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گھر بیٹھ کر تنخواہ لینے والے ملازمین زون ٹو کے مختلف علاقوں شاد باغ، گول باغ، چائنا اسکیم اور سنکھ پورہ ،تاجپورہ ،وسن پورہ سمیت دیگر علاقوں میں بطور مالی تعینات ہیں اور ان کی نگرانی سپر وائزر محمد شاہ کے پاس ہے۔ ملازمین ڈیوٹی پر باقاعدگی سے حاضر نہیں ہوتے ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ ان ملازمین سے ہر ماہ تقریباً 25 ہزار روپے فی کس وصول کئے جاتے ہیں بتایا جاتا ہے کہ تنخواہ اکاونٹس میں منتقل ہونے کے بعد سپر وائزرخود ملازمین کے ساتھ بینک جا کر رقم نکلوا کر مبینہ طور پر اپنی ”حصہ داری“ وصول کرتے ہیں۔ اس طرح ماہانہ بنیادوں پر لاکھوں روپے کی مبینہ وصولی کی جارہی ہے ڈی جی پی ایچ اے راجہ منصور کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ فیلڈ سمیت تمام ملازمین بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے باقاعدہ حاضری یقینی بنائیں گے اور غیر حاضری برداشت نہیں کی جائیگی تاہم ذرائع کے مطابق زون ٹو کی انتظامیہ نے ان احکامات کو بھی ہوا میں اڑا دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ان ملازمین کی ڈیوٹی کے اوقات میں اچانک چیکنگ کی جائے تو حقیقت کھل کر سامنے آسکتی ہے کیونکہ مبینہ طور پر اکثر ملازمین ڈیوٹی کے دوران فیلڈ میں موجود ہی نہیں ہوتے جبکہ گھر بیٹھے تنخواہوں کی وصولی کر رہے ہیں۔ ڈائریکٹر زون نمبر 2شاہنواز سے موقف لینے کی خاطر رابطہ کیا انہوں نے موقف نہیں دیا جبکہ ان کو وٹس ایپ میسج بھی کیا گیا اس کو پڑھنے کے بعد بھی ان کی جانب سے کسی قسم کا جواب وصولی نہیں ہوا۔ علاقہ سپروائز محمد شاہ کا کہنا تھا کہ آپ ملاقات کریں پھر بات کرتے ہیں، باقی شاد باغ کا علاقہ اب قمر شہزاد کے پاس ہے، دیگر علاقے میرے پاس ہی ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زون نمبر 2جہانگیر نے کہا میں سفر کر رہا ہوں بعد میں بات ہو گی، فون کاٹ دیا۔ ترجمان پی ایچ اے نے کہا کہ آپ تفصیلات شیئرکریں تصدیق کرکے آپکو آگاہ کروں گا۔
پی ایچ اے زون ٹو، بدانتظامی اور کرپشن کا ایک اور سکینڈل، گھوسٹ ملازمین سے ماہانہ وصولیاں


















