لاہور (میاں ذیشان) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کا فائلوں کی جانچ پڑتال اور فیصلوں کے عمل کا فقدان، رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے اختتام سے قبل ہی درجنوں تنازعاتی کیس بونافائیڈ کمیشن کو بھجوا دئیے گئے ہیں، جبکہ سینکڑوں کیس قبل ازیں زیر التواءکا شکار ہیں جن میں جعلی یا متنازعہ پلاٹ الاٹمنٹس، بونا فائیڈ خریداروں کے حقوق سے متعلق درخواستیں، پلاٹ منسوخی کے خلاف اپیلیں اور مختلف ہاﺅسنگ سکیموں میں زمین کے تنازعات شامل ہیں۔ ابتدائی مرحلے پر ہی ایل ڈی اے حکام کی جانب سے مناسب جانچ پڑتال نہیں کی گئی یا مبینہ طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال، رشوت وصولی اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الاٹمنٹس کی منظوری دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں شہریوں کے پلاٹوں اور الاٹمنٹس سے متعلق تنازعات کے حل کیلئے قائم بونافائیڈ کمیشن کے سامنے مقدمات کی بڑھتی ہوئی تعداد نے ایک بار پھر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کی کارکردگی اور طرزِ عمل پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جہاں ایک طرف ایل ڈی اے حکام کی مبینہ غفلت، ناقص جانچ پڑتال، اختیارات کے ناجائز استعمال اور قواعد و ضوابط کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کے باعث تنازعاتی کیسوں کی بھرمار ہو چکی ہے تو دوسری جانب بونافائیڈ کمیشن میں بھی مقدمات کے بروقت فیصلے نہ ہونے پر شہریوں میں شدید مایوسی پائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں سال 2026 کی پہلی سہ ماہی مکمل ہونے سے قبل ہی ایل ڈی اے کے مختلف شعبہ جات کی جانب سے درجنوں نئے تنازعاتی کیس بونافائیڈ کمیشن کو بھجوا دئیے گئے ہیں جبکہ اس سے قبل بھی سینکڑوں مقدمات کمیشن میں زیر التواءپڑے ہوئے ہیں جس کے باعث مجموعی کیسز کی تعداد 300 سے تجاوز کر چکی ہے۔ صرف رواں سال کے آغاز سے اب تک تقریباً 50 سے زائد نئے کیسز کمیشن کو بھیجے گئے جن میں جعلی یا متنازعہ پلاٹ الاٹمنٹس، بونا فائیڈ خریداروں کے حقوق سے متعلق درخواستیں، پلاٹ منسوخی کے خلاف اپیلیں اور مختلف ہاﺅسنگ سکیموں میں زمین کے پیچیدہ تنازعات شامل ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ان مقدمات کی بڑی تعداد ایسے معاملات پر مشتمل ہے جن میں ابتدائی مرحلے پر ہی ایل ڈی اے کے متعلقہ افسران کی جانب سے ریونیو ریکارڈ کی مکمل چھان بین نہیں کی گئی یا مبینہ طور پر رشوت ستانی اور اختیارات کے غلط استعمال کے ذریعے الاٹمنٹس کی منظوری دی گئی جس کے نتیجے میں بے شمار شہری اپنے جائز حقوق سے محروم ہو کر برسوں سے انصاف کیلئے دربدر ہیں۔ دوسری جانب بونافائیڈ کمیشن میں بھی مقدمات کے بروقت فیصلے نہ ہونے پر چیئرمین کمیشن شدید تنقید کی زد میں آ گئے ہیں کیونکہ سینکڑوں شہری مہینوں بلکہ برسوں سے اپنے کیس کے فیصلوں کے منتظر ہیں مگر کمیشن کی جانب سے سست روی اور غیر موثر طریقہ کار کے باعث شہریوں کو فوری اور موثر ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا۔
لاہور (سپیشل رپورٹر) شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر ایل ڈی اے افسران اپنی ذمہ داریاں دیانتداری سے ادا کرتے اور الاٹمنٹس کی منظوری سے قبل مکمل قانونی جانچ پڑتال کو یقینی بناتے تو نہ صرف اتنی بڑی تعداد میں تنازعات جنم نہ لیتے بلکہ بونافائیڈ کمیشن پر بھی مقدمات کا غیر معمولی بوجھ نہ پڑتا، تاہم موجودہ صورتحال میں ایل ڈی اے کی انتظامی نااہلی اور کمیشن کی سست روی نے متاثرہ شہریوں کو شدید ذہنی اذیت، مالی نقصان اور طویل قانونی پیچیدگیوں میں مبتلا کر دیا ہے جبکہ عوامی حلقے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو بروقت اور فوری ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔
لاہور (سپیشل رپورٹر) ترجمان لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بونافائیڈ کمیشن کو بھجوائے جانے والے کیسوں سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ صرف انہی معاملات کی نشاندہی کر کے کمیشن کو ارسال کرتا ہے جن میں ملکیت کے ریکارڈ میں کسی قسم کا سقم، متنازعہ دعویٰ یا جعلی دستاویزات کا شبہ موجود ہو۔ ایل ڈی اے شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور بونا فائیڈ خریداروں کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہر کیس کی ابتدائی سطح پر جانچ پڑتال کرتا ہے اور اگر دستاویزات یا ریونیو ریکارڈ میں تضاد سامنے آئے تو معاملہ شفاف اور غیر جانبدار فیصلے کیلئے بونافائیڈ کمیشن کو بھجوا دیا جاتا ہے۔ ایسے کیسز کو کمیشن کے سپرد کرنا دراصل شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کا حصہ ہے تاکہ تمام فریقین کو سنا جا سکے اور شہریوں کو قانونی تقاضوں کے مطابق بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ایل ڈی اے افسران کا فائلوں کی جانچ پڑتال، فیصلوں پر عملدرآمد کا فقدان


















