پنجاب، یونین کونسلوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ، انتظامی ڈھانچے میں بھی اہم تبدیلیاں

لاہور (نوید چودھری) محکمہ بلدیات پنجاب نے ضلع لاہور کی سطح پر بلدیاتی اداروں کی نئی تشکیل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت یونین کونسلوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیساتھ انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور میں اب مجموعی طور پر 9 ٹاون کارپوریشنز قائم کی گئی ہیں۔ نئی انتظامی ترتیب میں سابقہ داتا گنج بخش، سمن آباد اور عزیز بھٹی ٹاونز کو ختم کر کے ان کی جگہ لاہور سٹی، ماڈل ٹاو¿ن اور صدر کے نام سے ٹاﺅن کارپوریشنز بنا دی گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع لاہور میں یونین کونسلوں کی تعداد 274 سے بڑھا کر 433 کر دی گئی ہے۔ دستاویز میں لاہور کی مجموعی آبادی ایک کروڑ17 لاکھ 50 ہزار82 درج کی گئی ہے جس کی بنیاد پر یونین کونسلوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا تاکہ مقامی سطح پر انتظامی امور کو موثر بنایا جا سکے۔ یہاں یہ بات سمجھ سے باہر ہے کہ نوٹیفکیشن کے مطابق آبادی کی جس تعداد کا ذکر کیا گیا ہے اس میں اور تین سال قبل کی گئی مردم شماری میں واضح فرق کیوں ظاہر کیا گیا ہے۔ 2023 میں ہونے ڈیجیٹل مردم شماری میں آبادی کی تعداد ایک کروڑ، گیارہ لاکھ، چھبیس ہزار، دو سو پچاسی ہے جبکہ نوٹیفکیشن میں ایک کروڑ، سترہ لاکھ، پچاس ہزار بیاسی بتائی گئی ہے جس سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ تین سالوں میں لاہور کی آبادی میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ تاہم جاری کردہ نوٹیفکیشن کے اعداد و شمار اور حالیہ مردم شماری کے نتائج میں فرق نے اس امر پر سوالات پیدا کر دئیے ہیں کہ کیا واقعی لاہور کی آبادی میں حقیقی کمی واقع ہوئی ہے یا نوٹیفکیشن میں صرف اندازہ لگایا گیا ہے۔ تاریخی پس منظر کے مطابق لاہور میں چھٹی مردم شماری 1998 میں ہوئی تھی، جس میں آبادی تقریباً 63 لاکھ بتائی گئی۔ اس کے بعد 2017 میں ہونے والی ساتویں مردم شماری، جو ملک کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری بھی تھی کے مطابق لاہور کی آبادی 1 کروڑ 11 لاکھ 26 ہزار 285 نفوس پر مشتمل تھی۔ 2023 میں ہونے والی آخری مردم شماری کے نتائج کے مطابق لاہور کے رہائشیوں کی تعداد 1 کروڑ 30 لاکھ 41 ہزار 135 افراد تھی، جس میں مرد، خواتین اور ٹرانسجینڈر سمیت مجموعی افراد شامل ہیں۔ یہ اعداد و شمار لاہور کو پاکستان کے سب سے بڑے آبادی والے شہروں میں سے ایک کے طور پر ظاہر کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور میں یونین کونسلوں کی تعداد 274 تھی۔ یہ تعداد پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے تحت 2015 میں جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے ذریعے نافذ کی گئی تھی اور اسی ڈھانچے کے مطابق ابھی تک بلدیاتی نظام چلایا جا رہا ہے۔ بعد ازاں پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کے تحت لاہور میں یونین کونسلوں کی تعداد 402 مقرر کی گئی تھی اور نئی حلقہ بندیاں بھی تیار کی گئی تھیں، تاہم بلدیاتی انتخابات منعقد نہ ہونے کے باعث مذکورہ ایکٹ مکمل طور پر نافذ العمل نہ ہو سکا اور عملی طور پر شہر میں 274 یونین کونسلوں کا ہی ڈھانچہ برقرار رہا۔ محکمہ بلدیات کی جانب سے جاری کردہ حالیہ نوٹیفکیشن کے بعد ضلع لاہور میں بلدیاتی نظام کی نئی ساخت باضابطہ طور پر سامنے آ گئی ہے جس کے تحت یونین کونسلوں اور ٹاو¿ن کارپوریشنز کی ازسرنو تشکیل عمل میں لائی گئی ہے۔