جنگلی حیات مستقبل کا سرمایہ ، تحفظ کرنافرض ،شہری حکومت کاساتھ دیں،مریم نواز
لاہور :(وقائع نگار) وزیراعلیٰ مریم نواز نے جنگلی حیات کو زمین پر حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کےلئے ناگزیر قرار دیا۔
جنگلی حیات کے عالمی دن پر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے خصوصی پیغام میں جنگلی حیات کے تحفظ اور بقاءاور فروغ کےلئے تاریخی اقدامات پر اظہار اطمینان کیا، پنجاب میں جنگلی حیات کے تحفظ کےلئے اختراع اقدامات کئے گئے،پنجاب حکومت نے غیر قانونی شکار اور غیر قانونی ملکیت کےلئے پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ 1974 اور پروٹیکٹڈ ایریاز ایکٹ میں تاریخی ترامیم منظور کی اور وائلڈ لائف ہیلپ لائن 1107 مکمل طور پر فعال ہے،جنگلی حیات کی شوٹنگ لائسنس، امپورٹ ایکسپورٹ اور شکار پرمٹ، بریڈنگ فارم رجسٹریشن کی آن لائن سہولت دی جارہی ہیں۔
پنجاب میں پہلی مرتبہ جنگلی حیات کے تحفظ کےلئے آرٹی فیشل انٹیلی جنس بیسڈ جانور شماری کا سسٹم نافذ کیا گیا،ریسکیو کیے گئے جانوروں کی نگرانی کےلئے پہلی مرتبہ جی پی ایس اور کالر ٹریکر سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، سفاری چڑیا گھر لاہور میں تھری ڈی سکرین،جانوروں کے مجسمے اور دیگر خوبصورت اختراعات آویزاں کر دی گئی ہیں،پنجاب کے پہلے وائلڈ لائف ہسپتال کا 80فیصد تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا، ہسپتال میں ہر جانور کےلئے سپیشلسٹ وٹرنری ڈاکٹرز تعینات کیے جائیں گے، سفاری زو میں 7D وائلڈ لائف سینما بھی تکمیل کے قریب پہنچ گیا ، پنجاب حکومت جلد ہی شہریوں کےلئے گھر بیٹھے جنگلی حیات کے مشاہدے سے لطف اندوز ہونے کےلئے 360 ڈگری ورچوئل چڑیا گھر بھی بنانے جارہی ہے،چھانگا مانگا،اوچھالی، چشمہ بانسرا گلی زوالوجیکل گارڈن اور مری ڈائیورسٹی پارک کی تعمیر و تزئین جاری ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا مقید جانوروں اور پرندوں کورکھنے کےلئے رہائشی سٹینڈرڈ کا تعین شاندار اقدام ہے، پنجاب نے 544 وائلڈ لائف رینجرز متعارف، جدید اسلحہ، آئی ٹی، ڈرونز اور باڈی کیم اور نائٹ وژن آلات مہیا کرکے لیڈ لے لی، صحرائی علاقوں میں مقامی جانوروں اور پرندوں کےلئے بائیکس کا خصوصی سکواڈ قائم کر نا خوش آئند ہے، صوبے میں وائلڈ لائف فورس قائم کرکے جنگلی حیات کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے، اینیمل رائٹس اینڈ پروٹیکشن ایکٹ کو مزید جامع اور موثر بنایا گیا ،غیر قانونی شکار، پرندوں اور جانوروں کی غیر قانونی قید اور تشدد پر سخت ترین کارروائیوں عمل میں لائی جارہی ہیں۔
مریم نواز نے کہا جانوروں کے حقوق کے احترام سے متعلق حکومت اسلامی تعلیمات پر عملدرآمد اور قانونی تقاضوں پورے کر رہی ہے، جنگلی جانور اور پرندے فطرت میں توازن برقرار رکھنے میں مدد کرتے ہیں، جنگلی حیات اور نایاب نسلوں کے تحفظ سے سیاحت اورروزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں،جنگلی حیات مستقبل کا سرمایہ ہیں، تحفظ کرنا ہمارا فرض ہے، وزیراعلیٰ مریم نوا زنے عوام سے اپیل کی جنگلی حیات کے تحفظ میں حکومت کا ساتھ دیں۔


















