ایران، صدارتی بیورو ،سلامتی کونسل عمارت پر بمباری،عبوری وزیر دفاع شہید،ایران کے جوابی وار


تہران،واشنگٹن،تل ابیب:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز) جنگ میں شدت،حملوں کی نئی لہر شروع،تہران میں صدارتی بیورو ،سلامتی کونسل کی عمارت پر بمباری،زیر زمین فوجی تنصیبات بھی نشانہ،عبوری وزیر دفاع سمیت متعدد افراد شہید،ایران کے جوابی وار، ریاض میں امریکی سفارتخانے پر ڈرون داغ دئیے،اسرائیل پر بھی میزائلوں کی برسات،ہر طرف افراتفری ،شہریوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تہران میں اعلیٰ ایرانی کمانڈر کو نشانہ بنایا ،لیڈرشپ کمپلیکس ،صدارتی بیورو،سلامتی کونسل عمارت پر 100 طیاروں سے حملہ کیا ،30 گھنٹے کے دوران ایران پر 2000 بم گرائے۔

ادھر ذرائع کے مطابق ایران کے عبوری وزیر دفاع مجید بن الرضاسمیت متعدد افراد حملوں میں شہید ہوگئے،ایرانی ہلال احمر کے مطابق 153 شہروں کے 500 سے زائد مقامات پر ایک ہزار سے زائد حملے کیے گئے،شہدا کی تعداد800تک جاپہنچی۔

ایران نے مشرق وسطیٰ میں 6 امریکی فوجی اڈوں سمیت اسرائیل کے مختلف شہروں پر میزائل برسا دئیے،ریاض میں امریکی سفارتخانے سے 2 ڈرون ٹکرانے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔

خبر ایجنسی کے مطابق ایران نے بحرین، عراق، امارات اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا، وسطی اسرائیل میں میزائل گرنے سے متعدد شہری زخمی ہوگئے،میزائل کے ٹکڑے یا کلسٹر بموں نے متعدد مقامات کو نشانہ بنایا،خطے میں کشیدہ صورت حال کے پیش نظر اردن میں امریکی سفارتخانہ خالی کرا لیا گیا۔

سعودی وزارت دفاع کے مطابق حملے میں عمارت کو جزوی نقصان پہنچا، عمارت خالی ہونے کے سبب کو ئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ایران کا فضائی، دفاعی نظام، فضائیہ، بحریہ اور قیادت سب ختم ،تہران مذاکرات کرنا چاہتا ہے لیکن اب بہت دیر ہو گئی،ریاض میں امریکی سفارتخانے پرحملے اور امریکی فوجیوں کی ہلاکت کاجلد بدلہ لیاجائے گا۔

دریں اثنا ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا موجودہ جنگ ایران کی خواہش نہ ہی انتخاب ،فوجی جارحیت مسلط کی گئی،پہلی و بنیادی ترجیح سفارت کاری تھی،ہمیشہ مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کے خواہاں رہے،خطے میں امن قائم کرنا ہے تو امریکہ ،اسرائیل کو کارروائیاں روکنا ہوں گی،جنگ سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا ،خمیازہ عام لوگوں کو بھگتنا پڑتا ہے۔

صدر مسعود پزشکیان نے کہا ایران رکا نہیں ،حکومتی نظام مفلوج ہونے کا تاثر غلط ہے،بڑھتی جنگ کے باوجود تمام سرکاری ادارے فعال،تمام گورنرز کے ساتھ براہ راست رابطے میں ہیں،صورتحال غیرمعمولی ضرور ہے لیکن ملک کا پہیہ جام نہیں ہوا، ملک بھر میں تمام سرگرمیاں و ضروری خدمات کا سلسلہ جاری ہے،حالات پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہےں۔

دوسری جانب اقوامِ متحدہ کے جوہری نگران ادارے کے سربراہ نے کہاایران میں ایٹمی ہتھیار بنانے کے کسی منظم و مربوط پروگرام کے شواہد نہیں ملے،تہران نے یورینیم کو 60 فیصد تک افزودہ کیا جو عام شہری توانائی کے مقاصد کےلئے درکار سطح سے کہیں زیادہ یہی افزودگی عالمی تشویش کی بنیادی وجہ ہے ،ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار موجود نہیں۔