عالمی برادری متحرک،متعدد ممالک کی پاکستان،افغانستان میں ثالثی کی پیشکش

اسلام آباد،ریاض،انقرہ،دوحہ،ماسکو،تہران ،کوالالمپور،نیویارک:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)عالمی برادری پاک افغان کشیدگی ختم کرانے کیلئے متحرک،متعدد ممالک نے ثالثی کی پیشکش کردی۔

ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان نے پاکستان، افغانستان، قطر اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطے میںپاک افغان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ،علاوہ ازیں اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، پاک افغان سرحدی کشیدگی سمیت دیگر علاقائی امور زیر بحث آئے،سفارتی ذرائع کے مطابق خطے میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر مختلف ممالک رابطوں کے ذریعے صورتحال کو قابو میں رکھنے اور ممکنہ سفارتی حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا صورتحال کو ٹھنڈا کرنے کےلئے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، بیجنگ اپنے سفارتی ذرائع کے ذریعے تنازع میں ثالثی کی کوشش کر رہا ہے۔

ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا افغانستان ، پاکستان اختلافات بات چیت سے حل کریں، گفتگو میں سہولت کےلئے ہر ممکن مدد کو تیار ہیں،مناسب ہے افغانستان ،پاکستان اختلافات کو حسن ہمسائیگی و مکالمے سے حل کریں۔

روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے پاکستان ،افغانستان سے حملے فوری روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا دونوں ممالک کو اختلافات بات چیت سے حل کرنے چاہئیں، درخواست کی گئی تو ثالثی پر غور کیا جاسکتا ہے۔

ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے کشیدگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا افغانستان ،پاکستان زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں،دونوں جانب جانی نقصان پرافسوس ہے،افغانستان ،پاکستان فوجی آپریشن فوری روک دیں،پاکستان کے جائز سکیورٹی خدشات کا ازالہ ہونا چاہیے،مذاکرات کی میز پر ہی مصالحت ممکن ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہاصورتحال پر گہری نظر ،دونوں ممالک بین الاقوامی قانون، خصوصاً بین الاقوامی انسانی قانون کی مکمل پاسداری ،کشیدگی کے دوران شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دی جائے،دونوں فریقین تحمل ،ذمہ داری کا مظاہرہ کریںتاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔