زیر تعمیر نارتھ ڈسپوزل سٹیشن کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے: میاں شکیل

ساہیوال (بیورو رپورٹ) سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب میاں شکیل نے ساہیوال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پسپ پروگرام کے تحت زیر تعمیر نارتھ ڈسپوزل سٹیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل، ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، پسپ پروگرام کے پراجیکٹ منیجر محمد عمر، سٹی منیجر اسجد علی خان، چائنیز کنٹریکٹر اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ڈسپوزل سٹیشن میں قائم مختلف حصوں کا معائنہ کیا جن میں جنریٹر روم، لیبارٹری اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ شامل تھے۔ لیبارٹری میں پانی کے ٹیسٹ کا عملی جائزہ بھی لیا گیا۔ اس موقع پر میاں شکیل نے تعمیراتی کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل سے شہریوں کو سیوریج جیسے دیرینہ مسائل سے نجات ملے گی۔ بعد ازاں انہوں نے 89/6R سیوریج لائن کے جاری کام کا بھی جائزہ لیا اور موقع پر پیش رفت کا معائنہ کیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے اور سیفٹی کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کام کرنے والے مزدوروں کو حفاظتی ہیلمٹ فراہم کئے جائیں اور تعمیراتی کام سے آگاہی کے لیے نمایاں سائن بورڈز آویزاں کیے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔