ریاست دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کرے، اسمبلی میں قرارداد منظور

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)کشمیریوں سے اظہار یکجہتی،قومی اتحاد ناگزیر،ریاست دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کرے، قومی اسمبلی نے متفقہ قرارداد یں منظور کرلیں۔

قرارداد میں کہا گیا دہشتگردوں کی بیرونی سرپرستی کے واضح شواہد ،بیرونی سرپرستوں، اندرونی سہولت کاروں، فنڈنگ ،پروپیگنڈا کرنےوالوں کےخلاف فوری جارحانہ، مربوط ،موثر قومی ردعمل یقینی بنایا جائے،دہشتگردی کیخلاف سیاست سے بالاتر ہوکر قومی اتحاد ناگزیر ہے۔

منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیادہشتگردوں نے نہ صرف معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا بلکہ خواتین کو بطور ہتھیار استعمال کیا، دہشتگرد نیٹ ورکس خواتین کو ذہنی دباو ، بلیک میلنگ کے ذریعے ریاست ،معیشت کےخلاف استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں، شہری آبادی، خواتین ،بچوں پر حملے ناقابل معافی جرائم ہیں،ریاست اپنے عوام کے تحفظ، امن اور قومی سلامتی کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا تخریب کاری میں بھارت کا ہاتھ ہے، کسی دہشتگرد کو سرچھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، شہدا کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا،پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا نہتے لوگوں کو قتل کرنے سے بڑا کوئی ظلم نہیں ،دہشتگردی نے پاکستان کے لوگوں کو بہت تکلیف پہنچائی ۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی نے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے متفقہ قرارداد منظورکرکے مطالبہ کیا مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے،جموں و کشمیر عالمی تنازع، ایوان بھارتی مظالم ،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدام کی مذمت کرتا ہے،بھارت 5 اگست 2019 کے اقدام کو فوری واپس لے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لےکرتنازع کے حل میں فعال کردار ادا کرے،امریکی صدر ٹرمپ کے مسئلہ کشمیر پر مثبت بیانات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔