جنگ کا خطرہ ٹل گیا،امریکہ،ایران مذاکرات کی میز پر آنے کو تیار، رواں ہفتے بات چیت کا آغاز
واشنگٹن، تہران (بیورو رپورٹ+مشرق نیوز) جنگ کی دھمکیوں اور جنگی مشقوں کی گھن گرج کے دوران امریکہ اور ایران نے مذاکرات کےلئے آمادگی ظاہر کر دی ،عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سینئر امریکی اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا مذاکرات رواں ہفتے ہی شروع کیے جائیں گے،امریکہ اور ایران مذاکرات کےلئے ترکیہ، مصر اور قطر اعلیٰ سطح کی ملاقات کے انتظامات بھی کر رہے ہیںجہاں ابتدائی طور پر امریکی صدر ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور اعلیٰ ایرانی عہدیدار ملاقات کرینگے،ملاقات کا ایجنڈا سامنے نہیں آیا اور نہ ہی امریکہ یا ایران کی جانب سے متوقع مذاکرات کی تصدیق یا تردید سامنے آئی ، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہم امریکہ کےساتھ اعتماد کی کمی کے باوجود ایٹمی پروگرام پر مذاکرات کےلئے تیار ہیں بشرطیکہ مذاکرات منصفانہ اور مناسب ہوں، ایران اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام یا اپنے حمایت یافتہ گروپوں (جیسے حزب اللہ یا حوثی وغیرہ) سے دستبرداری پر مذاکرات نہیں کرنا چاہتا، مذاکرات میں ایران کا فوکس صرف اور صرف ایٹمی پروگرام پر ہونا چاہیے۔



















