لاہور (قمر عباس نقوی/ تصویر: واحد شہزاد ) پی ایچ اے ڈائریکٹوریٹ زون تھری انتظامیہ کی طرف سے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ، ایجنسی کی جانب سے درختوں کی کٹائی پر مکمل پابندی کے باوجود غیر قانونی اقدام اقدامات جاری، ڈائریکٹر اور سپروائزر کو کلین چٹ، چھوٹے ملازمین کو معمولی سزا دیتے ہوئے ایڈمن رپورٹ کرنے کا حکم، سائیکل ٹریک سے جنگلے چوری کرکے فروخت کئے جانے کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔پی ایچ اے ایجنسی کا عدالتی حکم نامہ کے بعد تمام زون انتظامیہ کو درختوں کی کانٹ چھانٹ اور کٹائی پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ دنوں کنال روڈ پر صرف شاخیں کاٹے جانے پر ڈائریکٹر ایل بی سی کو عہدے سے ہٹادیا گیا تھا جبکہ زون تھری کے ڈائریکٹر اور سپروائزر کی جانب سے زون کے مختلف مقامات پر درختوں کی کٹائی کی گئی جس پر ایجنسی کی جانب سے ڈائریکٹر زون تھری اور سپروائزر کی جانب سے غیر قانونی اقدام پر کارروائی کرنے کی بجائے مالیوں کو معمولی سزا دیتے ہوئے ایڈمن رپورٹ کرنے کے احکامات تک ہی محدود رکھا گیا ہے جبکہ ذمہ دار ڈائریکٹر اور سپروائزر تاحال عہدوں پر تعینات ہیں۔ گز شتہ دنوں حکومت پنجاب کی ہدایت پر پی ایچ اے کی جانب سے جاری ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے درختوں کے کانٹ چھانٹ اور کٹائی پر مکمل پابندی عائد کردی گئی تھی جس کے برعکس ڈائریکٹر زون 3 کے آفس سے چند قدموں کے فاصلے پر درختوں کو کاٹ کر رکشہ میں لوڈ کرکے فروخت کئے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر زون 3 کی نااہلی اور عدم دلچسپی کے باعث کے بی آر بی کے قریب عالمی طرز پر بنایا گیا سائیکل ٹریک اب کھنڈر کا منظر پیش کررہا ہے۔ ان سے لاکھوں روپے مالیت کے لوہے کے جنگلے بھی چوری کرکے فروخت کئے جانے کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔ پی ایچ اے حکام کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جبکہ اس پر مزید تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ سائیکل ٹریک کے حوالے سے متعلقہ ذمہ داران سے تفصیلات حاصل کرکے کارروائی عمل میں لائی جا ئیگی۔
پی ایچ اے ڈائریکٹوریٹ زون تھری، عدالت کی طرف سے پابندی کے باوجود درختوں کی کٹائی


















