پنشن کوئی رعایت نہیں ، آئینی حق ہے، سپریم کورٹ کابڑا فیصلہ
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے واضح کر دیا پنشن کوئی رعایت نہیں ،آئینی حق ہے، 20 سال سروس مکمل کرنےوالے ملازم پنشن کے حقدار ہیں۔
عدالت عظمیٰ نے سرکاری ملازمین وافسروں کے حق میں بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ایم عثمان کی پنشنری فوائد درخواست منظور اورفیڈرل سروس ٹریبونل کا پنشن مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
سپریم کورٹ کے مطابق درخواست گزار نے ستمبر 2007 میں استعفیٰ دیا،20سال کی کوالیفائنگ سروس مکمل کر چکے تھے، محکمے نے 25سال سروس کی شرط عائد کر کے درخواست کو مسترد کیا،قانون کے مطابق 20سال سروس پر پنشن کا حق لاگو تھا، پنشن دیر سے مانگنے پر ختم نہیں ہوتی ،لمیٹیشن ایکٹ بھی لاگو نہیں ہوتا۔
فیصلے میں کہا گیاریگولیشن 40018کا تعلق صرف سروس کی گنتی سے ہے، محکمے،ٹریبونل کی تشریح قانونی طور پر ناقابل قبول ہے، عثمان قانون کے مطابق پنشنری فوائد کے مکمل حقدار ہیں، فیصلہ جسٹس شفیع صدیقی نے تحریر کیا ،بنچ میں جسٹس نعیم اخترافغان، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی شامل تھے۔



















