پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمات کی سنچری، قتل، ڈکیتی اور ہنی ٹریپ میں بھی ملوث

لاہور (مرزا ندیم بیگ) پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمات کی سنچری، قتل، ڈکیتی اور ہنی ٹریپ جیسے واقعات میں بھی ملوث نکلے۔ افسران،رواں سال قتل، ڈکیتی، ہنی ٹریپ اور دیگر سنگین جرائم میں پولیس افسران و اہلکاروں کے ملوث ہونے کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق سالِ رواں کے دوران پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف درج مقدمات کی تعداد 100 تک جا پہنچی ہے جن میں مجموعی طور پر 171 پولیس افسران و اہلکار نامزد کئے گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق ان مقدمات میں ایک انتہائی سنگین واقعہ ڈی ایس پی عثمان حیدر کا بھی شامل ہے، جو اپنی بیوی اور بیٹی کے قتل کا ملزم پایا گیا۔ دیگر مقدمات میں پولیس افسران و اہلکار ڈکیتی، اغوا برائے تاوان، منشیات فروشی اور فرائض میں غفلت جیسے جرائم میں ملوث پائے گئے۔ درج مقدمات میں 3 انسپکٹر، 17 سب انسپکٹر اور 23 اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) نامزد ہوئے، جبکہ مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں 126 ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل بھی شامل ہیں۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد مقدمات مالی کرپشن، ناقص تفتیش اور اختیارات سے تجاوز کرنے پر درج کئے گئے جبکہ سائلین کو ہراساں کرنے اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے پر بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ریکارڈ کے مطابق کینٹ ڈویژن میں پولیس کے خلاف 26، سٹی ڈویژن میں 22، ماڈل ٹاو¿ن ڈویژن میں 14 اور صدر ڈویژن میں 15 مقدمات درج کئے گئے۔ اسی طرح سول لائنز ڈویژن میں 13 جبکہ اقبال ٹاو¿ن ڈویژن میں پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف 10 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان مقدمات میں نامزد افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کے ساتھ ساتھ قانونی عمل بھی جاری ہے۔