صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے:آئی جی پنجاب
لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ترمیم شدہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد، بہتر ٹریفک مینجمنٹ کے اہداف میں ہونے والی پیشرفت اور مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب نے ٹریفک قوانین، اصلاحات اور جدید نظام پر موثر عملدرآمد کیلئے کریک ڈاون میں تیزی لانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سپیشل برانچ کی نشاندہی اور گائیڈ لائنز کی روشنی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ انہوں نے غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف سخت قانونی ایکشن کی بھی ہدایت کی،آئی جی نے ڈی پی اوز اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری کیلئے خود فیلڈ میں نکلیں اور ٹریفک مینجمنٹ میٹرکس پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے ہیلمٹ، ون وے، اوور لوڈنگ اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے پر زور دیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ نے بتایا کہ سپیشل برانچ ٹریفک حادثات، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور منشیات فروشی کی باقاعدہ مانیٹرنگ کر رہی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے آگاہ کیا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے نتیجے میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں سنگین حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ان کے مطابق 23 اضلاع میں ٹریفک حادثات کی شرح زیرو ہو چکی ہے جبکہ ہیلمٹ کے استعمال سے ہیڈ انجری کی شرح میں 82 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں 25 لاکھ شہریوں نے ڈرائیونگ لائسنس بنوائے جبکہ موبائل لائسنسنگ یونٹس کے ذریعے ایک لاکھ 11 ہزار لائسنس جاری کئے گئے۔ سی ٹی او لاہور اطہر وحید نے بتایا کہ لاہور میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران ٹریفک حادثات کی شرح میں 47 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔آئی جی پنجاب نے لودھراں، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، بہاولنگر، ڈی جی خان، بہاولپور اور خانیوال سمیت مختلف اضلاع کو ٹریفک مینجمنٹ کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے آن لائن منشیات فروشی کے تدارک اور منشیات کے مقدمات میں مجرمان کو سزائیں یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔اجلاس میں ڈی پی اوز کو ہدایت کی گئی کہ موثر سپرویڑن، انسدادی و ٹارگٹڈ نائٹ پٹرولنگ کے ذریعے جرائم کی روک تھام یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے 15 کی کال پر پولیس ریسپانس ٹائم بہتر بنانے، موبائل وہیکلز کے سیف سٹیز سے آن لائن رابطے اور کانفرنس کالز کی مانیٹرنگ پر بھی زور دیا۔ڈاکٹر عثمان انور نے بسنت کے موقع پر حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کرپشن، اختیارات سے تجاوز اور منشیات فروشوں سے سازباز میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کڑے احتساب کا حکم دیا۔آئی جی پنجاب نے پولیس لائنز، رہائشی بیرکس اور ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ اسکیموں کی بروقت تکمیل، 1787 کمپلینٹ سنٹر پر فوری ریسپانس، مقدمات کے اندراج میں تاخیر اور بدعنوانی پر ذمہ داران کو سزا دینے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں چینی ماہرین اور باشندوں کے ورکنگ ایریاز، روٹس اور رہائش گاہوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے، کالعدم تنظیموں کے اشتہاریوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری اور مو¿ثر پراسیکیوشن کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ کی تشکیل سے قبل تمام متعلقہ امور پر جامع تیاری اور مشاورت کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ راو عبد الکریم، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب محمد علی نیکوکارا، ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر، سی ٹی او لاہور/ڈی آئی جی پی ایچ پی اطہر وحید، ایس ایس پی ٹریفک سید ندیم عباس شریک ہوئے جبکہ ایڈیشنل آئی جی ساو¿تھ پنجاب، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز، سی ٹی اوز اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔
















