لاہور ہائیکورٹ کا پراپرٹی اونر شپ کے تحت دلایا گیا قبضہ فوری واپس کرنے کا حکم
لاہور:(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے پراپرٹی اونر شپ کے تحت دلایا گیا قبضہ فوری واپس کرنے کا حکم دےدیا۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے دوران سماعت قبضہ حاصل کرنے والے شہری کے وکیل سے استفسار کیا آپ غلط فیصلے کا دفاع کیسے کر سکتے ہیں؟، وکیل نے موقف اختیار کیا ڈی سیز کے ماتحت قائم کمیٹیوں نے اختیارات سے تجاوز کیا ،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے پہلے قبضہ واپس کریں پھر مزید بات ہوگی،کیوں نہ کمیٹی ممبران کےخلاف کارروائی شروع کی جائے،وکیل خود تسلیم کر رہا ہے ڈی سیز نے اختیارات سے تجاوز کیا اگر پٹواری وقت پر کام کرتا تو معاملہ پیدا ہی نہ ہوتا،سسٹم کو بائی پاس کیا جائے گا تو ایسے مسائل جنم لیں گے۔
وکیل نے کہا اگر سسٹم سے انصاف نہیں ملے گا تو لوگ کہاں جائیں؟ ،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے اخباری خبروں کےلئے عدالت میں ڈائیلاگ نہ ماریں،جانتی ہوں عدالتوں میں کتنے پرانے کیسز زیر التوا ہیں،وکیل نے کہا دیپالپور میں 40ایکڑ پراپرٹی پر مخالفین قابض ہیں ،مخالف فریق کے وکیل نے کہا ڈی آر سی کمیٹیز نے 27دن میں قبضہ دلایا، چیف جسٹس نے استفسار کیا قبضے کا آرڈر پاس کس نے کیا؟،قبضے کا آرڈر مس کنڈکٹ کے زمرے میں آتا ہے، وکیل نے تسلیم کیا ڈی سیز نے غلط فیصلہ دیا ۔
چیف جسٹس نے کہا آپ خود مان رہے ہیں ان کے پاس قانون کے تحت فیصلے کا اختیار ہی نہیں تھا،عدالت نے ڈی آر سی کمیٹی کے ذریعے قبضہ حاصل کرنےوالے شہری کو فوری قبضہ واپس کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاعدالتی حکم کے بعد کسی نے زمینوں پر قبضے دلوائے تو نتائج کےلئے تیار رہے۔
















