متروکہ وقف املاک، ملازمین کے پرسنل ریکارڈ کو محفوظ بنانے کیلئے 2 رکنی کمیٹی قائم

لاہور(قاضی ندیم اقبال)چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ کا اہم فیصلہ۔ ملازمین کے پرسنل ریکارڈ کو مستقل بنیادوں پر محفوظ بنانے کیلئے دو رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔جو ریکارڈ کی نقل و حمل کو مانیٹر کرنے کیلئے فائل موومنٹ رجسٹر بنانے کے علاوہ دیگر حوالوں سے بھی بااختیارہو گی۔ مستقبل قریب میں ملازمین و افسران کی فائلیں،بالخصوص سالانہ ترقی رپورٹس (PERs/ACRs)تحریری طور پر طلب کرنے کے بعد ہی فراہم کی جائیں گی۔جبکہ سیکرٹری بورڈ فرید اقبال سمیت کسی بھی آفیسر کو ملازمین کا ریکارڈ زبانی احکامات پر فراہم نہیں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ایڈمنسٹریشن برانچ سے گریڈ 18 کے سات آفیسرز آصف رضا شیخ ،عظمی شہزادی، نور اسلم خان، ندیم دھریجو، میر وائس درانی، رشید احمد تونیو ، اور تنویر حسین کی گریڈ17سے گریڈ18 میں ترقی کی بابت ریکارڈ غائب ہونے کے معاملہ کا چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان نے سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ جن میں سب سے اہم اقدام دو رکنی کمیٹی تشکیل دینا ہے۔ذرائع کے مطابق مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بعد ثناءاللہ خان ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) نے کمیٹی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے۔ کمیٹی میں شاہد بشیر ڈپٹی سیکرٹری (ایڈمن) اور راجہ احتشام فاروق اکاﺅنٹنٹ زونل آفس لاہور کو شامل کیا گیا ہے۔دو رکنی کمیٹی میں شامل افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بورڈ ملازمین کے ایڈمنسٹریشن برانچ میں موجود تمام ریکارڈ کو فوری طور پر اپنی تحویل میںلے کر اسے سٹریم لائن لائن کرے۔ذرائع نے بتایا کہ سات افسروں کی گریڈ سترہ سے گریڈ اٹھارہ میں ترقی کا ریکارڈایڈمنسٹریشن برانچ سے غائب ہونے کے بعد چیئر مین بورڈ نے آنے والے دنوں میں سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔جبکہ اس ضمن میں جو انکوائری الگ سے جاری ہے ، اس سلسلے میں انکوائری آفیسر ناصر مشتاق ایڈیشنل سیکرٹری (شرائنز) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عہدوں اور گریڈ سے بالا تر ہو کر بلا تخصیص سبھی سے اس ضمن میں پوچھ گچھ کریں۔ذرائع نے ”مشرق“ سے نام ظاہر نہ کرنے کی یقین دہانی پر دعوی کیا کہ اس وقت لاہور سمیت ملک بھر میںمتروکہ وقف املاک بورڈ کے ملازمین کی مجموعی تعداد 1518 ہے۔ جن میں 98 آفیسر اور 1420 نان گزٹیڈملازمین شامل ہیں۔دوسری جانب متروکہ وقف املاک بورڈ میں ملازمین کے ایک سے زائد گروپس موجود ہیں۔ جن کی سرپرستی پانچ سے چھ افسرکرتے ہیں۔اور تمام گروپس بیشتر اوقات ایک دوسرے کو نیچا دکھا کر اپنا کام سنوارنے کے چکر میں ہوتے ہیں۔تاہم سات افسروں کا ریکارڈ غائب کر کے ان کی ترقی کی بابت خدشات پیدا کر کے، ایک اہم آفیسر جو اس وقت افسر بکار خاص ہے ، اس کی من پسند آسامی پر تعیناتی/پوسٹنگ ممکن دکھائی نہیں دیتی ہے۔ کیونکہ موجودہ چیئر مین قمر الزمان کسی کے پریشر میں آنے والے دکھائی نہیں دیتے اور افسروں کا ریکارڈ غائب ہونے کے بعد سیکرٹری بورڈ سمیت بعض دیگر اہم افراد چیئرمین کا اعتماد کھو چکے ہیں۔