پنجاب مافیا فری،این ایف سی کے تحت سب سے کم حصہ ملتا ہے:مریم نواز


لودھراں،لاہور :(جلیل الرحمن،سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا وزیر اعلیٰ نہیں خادم،بچوں،خواتین کےخلاف جرائم ریڈ لائن ہیں،این ایف سی کے تحت سب سے کم حصہ ملتا ہے۔

لودھراں میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے طلبہ کوایک لاکھ الیکٹرک بائیکس دینے ، پورے پنجاب میں آئی ٹی سٹیز بنانے،لاہور میںآرٹی فیشل انٹیلی جنس کا سنٹر کے قیام، 2026کو یوتھ کا سال قرار دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ملتان اوربہاولپور ڈویژن کے9005طلبہ کو لیپ ٹاپس دیئے جارہے ہیں، سرکاری کالجز کے1295، یونیورسٹیوں کے6655طلبہ کو لیپ ٹاپس دیئے جارہے ہیں،تمام طلبہ کیلئے ہونہارسکالرشپس،لیپ ٹاپس سے بھی کہیں زیادہ کرنا چاہتی ہوں، بہاولپور اور ملتان کا دورہ بھی کیا، ایک ماں کیلئے اپنے بچوں کیلئے کوئی تفریق نہیں ہوتی، طلبہ چاہے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لودھراں یا پھر لیہ کے ہوں، کوئی تفریق نہیں، آپ تمام طلبہ نے محنت کی، اپنے ماں باپ سمیت میراخواب بھی پورا کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا ستھراپنجاب کے اہلکارصوبے کی تمام گلیاں،محلے،شہر اورگاوں دن رات صاف کررہے ہیں، سی سی ڈی نے پنجاب کو جرائم سے پاک کیا، مخالفین کہتے ہیں پنجاب خواتین کیلئے پہلے سے محفوظ جگہ بن چکی ہے،مجھے اپنی ماوں،بہنوں اوربیٹیوں کی عزت کا خیال ہے، آپ زیور پہن کر نکلیں تو کسی کو آپکی طرف دیکھنے کی جرا¿ت نہ ہو، کسی جگہ ہراسانی کا واقعہ ہوتا ہے تو پولیس فوری ایکشن لیتی ہے، پنجاب کے بچوں اوربچیوں کیلئے وہ کام ہوں گے کہ دنیا دنگ رہ جائے گی، ایک بچی نے کہا نوازشریف کی بیٹی جو وعدہ کرتی ہے وہ پورا کرتی ہے، تمام پراجیکٹس ڈیڑھ سال کے مختصر عرصے میں جاری وساری ہیں، لوگوں نے کہا ایک کے بعد ایک پراجیکٹ کیسے ممکن ہے؟ ہم نے پونے دوسال میں ناممکن کو ممکن کردکھایا۔

مریم نواز نے کہا پنجاب میں ایک سال میں ایک لاکھ 25ہزار گھر بن رہے ہیں، اس وقت 70سے80ہزار گھر تکمیل کے مراحل میں داخل ہورہے ہیں، ہم پنجاب کے لوگوں کو 3مرلے کا مفت پلاٹ دینے جا رہے ہیں جو کام مرد وزرائے اعلیٰ نہیں کرپائے وہ آپکی ایک خاتون وزیراعلیٰ نے کر دکھایا، اعمال نامہ آپ کے سامنے رکھ رہی ہوں کیونکہ میں آپ کو جوابدہ ہوں، 2 ہزار کے قریب پراپرٹی پر قبضے واپس دلوائے جاچکے ہیں، ڈالہ اوروی وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کیا، آپ کو اب پنجاب میں کوئی مافیا نظر نہیں آئے گا، پنجاب مافیا فری ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا تنقید کرنے والوں کو پروٹوکول سے فرصت نہیں، صوبے میں عوام بھوکی مر رہے اور سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں، پچھلے دور حکومت میں سموگ کی وجہ سے سکول، بازار کو بند کرنا پڑا اب کچھ بند نہیں ہوگا،پہلا کینسر سرکاری ہسپتال، پورے پنجاب میں دل کے ہسپتال بن رہے ہیں،کلینک آن ویل اور فیلڈ ہسپتال سے لوگوں کی دہلیز پر جاکر علاج کیا جارہا ہے، 30ہزار سے زائد کلومیٹر روڈز کو2سال میں مکمل کرینگے، پچھلے چند دنوں کے اندر 22لاکھ لائسنس بنائے گئے ہیں، چھوٹی عمر کے بچوں کی ڈرائیونگ سے حادثات بڑھ رہے تھے،بچے یا بچیاں وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم حاصل نہ کرسکیں تو یہ حکومت کی ناکامی ہوگی، پورے پنجاب کے اندر آئی ٹی سٹی بنانے جارہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا بچوں کو ان اداروں کے اندر ٹریننگ کے بعد کاروبار سٹارٹ اپ بھی دیں گے، اگلے سال 5 لاکھ بچوں کو سکلز ٹریننگ دیں گے، سکلڈ بچوں کو روزگار کے مواقع اور بیرون ملک جانے کےلئے سہولتیں دیں گے، پنجاب پولیس کو بہتر بنارہے ہیں، کہتے کہ پنجاب کے پاس بہت زیادہ پیسے ہے سب کے پاس ہیں پنجاب اپنے عوام پر خرچ کرتا ہے، دیگر صوبوں کی طرح پنجاب کے پاس بھی این ایف سی ایوارڈسے پیسے ملتے ہیں، جتنا بھی پیسے ملتا ہے، وہ سب پہلی بار پنجاب کے عوام پر لگ رہا ہے،دیگر صوبے سے آنے والے افراد کو بھی پنجاب روزگار اور صحت کی سہولیات فراہم کرتا ہے، اڈیالہ جیل اور پرٹوکول سے فرصت ملے تو دیکھیں عوام رل گئے اور ہسپتال اور روڈز کھنڈرات بن گئے،فتنہ، انتشار، پولیس اور رینجرز والے کو مارنے کا بیانیہ نہیں چلے گا، بیانیہ، بیانہ کا کھیل ختم ہوگیا پاکستان میں اب پرفارم کرنا ہوگا،بیانیہ بیانہ کا کھیل کھیلنے والے پاکستان کو ڈبا دیا تھا، لوگوں کو ریلیف دینے کےلئے کام کرنا پڑتا ہے، اب بیانیہ کا نہیں بلکہ خدمت اور پراجیکٹ لانچ کرنے سے پاکستان ترقی کرے گا، بیرون ملک جانےوالے ہنر مند افراد کی پرواز کارڈ کے ذریعے مدد کی جائے گی۔