لاہور (مرزا ندیم بیگ) حالیہ دنوں میں سامنے آنے والے چند سنگین واقعات نے پولیس فورس کے تشخص، اندرونی نظم و ضبط اور اہلکاروں کی ذہنی صحت سے متعلق ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ایک ڈی ایس پی کی جانب سے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ اور بیٹی کو قتل کئے جانے کا واقعہ ہو یا اس سے قبل ایک پولیس افسر کا اپنے قریبی دوست کو قتل کر دینا، ایسے واقعات نہ صرف معاشرے میں خوف و تشویش کو جنم دے رہے ہیں بلکہ خود پولیس فورس کی ساکھ بھی سوالات کی زد میں آ گئی ہے۔پولیس ایک ایسا ادارہ ہے جس سے عوام تحفظ، انصاف اور قانون کی عملداری کی توقع رکھتے ہیں، تاہم جب اسی ادارے کے افسران سنگین جرائم میں ملوث پائے جائیں تو عوامی اعتماد کو شدید دھچکا پہنچتا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر ان واقعات کی بھرپور کوریج کے بعد پولیس فورس کو مجموعی طور پر تنقید کا سامنا ہے، حالانکہ ادارے میں موجود ہزاروں اہلکار دیانت داری سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔اس صورتحال پر پولیس حکام کا موقف ہے کہ انفرادی واقعات کو پوری فورس سے جوڑنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے موقف اختیار کیا کہ پولیس میں نظم و ضبط کیلئے واضح قوانین موجود ہیں اور کسی بھی افسر یا اہلکار کے جرم ثابت ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ واقعات کی مکمل اور شفاف تحقیقات جاری ہیں اور اگر کسی بھی سطح پر غفلت یا قانون شکنی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے گی۔ پولیس حکام کے مطابق فورس کے اندر احتسابی نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف احتساب کافی نہیں، بلکہ پولیس اہلکاروں کی ذہنی اور نفسیاتی حالت پر بھی توجہ دینا ناگزیر ہے۔ اسی تناظر میں ایک ماہر نفسیات سے بات کی گئی جنہوں نے بتایا کہ پولیس افسران مسلسل دباو، خطرات، طویل ڈیوٹی اوقات اور بعض اوقات خاندانی مسائل کے باعث شدید ذہنی تناو کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر بروقت کونسلنگ، ذہنی صحت کے معائنے اور سٹریس مینجمنٹ پروگرامز فراہم نہ کئے جائیں تو بعض افراد میں غصہ، مایوسی اور پرتشدد رویے جنم لے سکتے ہیں۔ ماہر نفسیات کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی ممالک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کیلئے باقاعدہ سائیکولوجیکل اسسمنٹ، کونسلنگ سیشنز اور ذہنی صحت کے سپورٹ سسٹمز موجود ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ پاکستان میں بھی ضرورت اس امر کی ہے کہ پولیس فورس کیلئے ایسے پروگرامز کو ادارہ جاتی سطح پر متعارف کرایا جائے تاکہ اہلکار اپنے مسائل کا بروقت حل تلاش کر سکیں۔ہیلتھ رپورٹر کے مطابق نفسیاتی ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ ذہنی دباو کو نظرانداز کرنا نہ صرف فرد بلکہ پورے ادارے کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ پولیس جیسے حساس ادارے میں اگر اہلکار ذہنی طور پر متوازن نہ ہوں تو اس کے اثرات براہِ راست عوام اور امن و امان کی صورتحال پر پڑتے ہیں۔مجموعی طور پر یہ واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پولیس فورس کو درپیش چیلنجز صرف پیشہ ورانہ نہیں بلکہ نفسیاتی بھی ہیں۔ عوامی اعتماد کی بحالی کیلئے ضروری ہے کہ ایک جانب شفاف تحقیقات اور سخت احتساب کو یقینی بنایا جائے، تو دوسری جانب اہلکاروں کی ذہنی صحت اور فلاح و بہبود کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ پولیس فورس کا تشخص بہتر ہو اور ایسے افسوسناک واقعات کا اعادہ نہ ہو۔
پولیس افسران، اہلکاروں کے ہاتھوں عزیز و اقارب کا قتل، ذہنی صحت سے متعلق نئی بحث
















