پنجاب میں بے گھر صنعتی ورکرز کو بنے بنائے 720 فلیٹس مفت مل گئے

لاہور: (اپنے رپورٹر سے)بے گھر صنعتی ورکرز کو بنے بنائے 720 فلیٹس مفت مل گئے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے بٹن دبا کر قرعہ اندازی کرکے قرعہ اندازی میں کامیاب صنعتی ورکرز کو خود فون کرکے مبارکباددیتے ہوئے کہاماں جیسی ریاست نے 720 محنت کش خاندانوں کو اپنے گھروں میں بسانے کا بندوبست اورماہانہ کرائے ،بے دخلی کی اذیت سے نکال دیا ۔

مریم نوازنے بیوگان ،سپیشل افراد کو قرعہ اندازی سے الگ کر کے اپلائی کرنےوالوں کو فلیٹ دینے ،سپیشل صنعتی ورکرز کی آسانی ،تحفظ کےلئے گراونڈ فلور پر فلیٹس دینے، قرعہ اندازی میں کامیاب لوگوں کو 7 دن کے اندر اندر فلیٹ دینے ،صنعتی ورکرز کےلئے مزید 1872 فلیٹس آئندہ 18 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دےدیا،شیخوپورہ میں قائدا عظم بزنس پارک میں 700ورکرز کےلئے بیچلر ہاسٹل کی 3ماہ میں تکمیل کی ہدایت بھی کردی۔

مریم نواز نے ندیم طاہر نامی صنعتی ورکرکو خود فون کرکے مبارکباد دی اور گفتگو کرتے ہوئے کہا اپنے امی ابو کو ساتھ رکھنا، دونوں کی دعاوں سے آپ کو فلیٹ ملا۔

صوبائی وزیر محنت منشابٹ نے منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے کہاصنعتی ورکرز کےلئے مفت فلیٹ، پلاٹ ، بیچلر ہاسٹل نواز شریف کا ویژن ہے،ورکر ویلفیئر کمپلیکس،سندر انڈسٹریل سٹیٹ فیز ون کےلئے 5897 ورکرز اہل قرار پائے، قرعہ اندازی میں کامیاب قصور کے صنعتی ورکرزکو480 ،240 فلیٹس لاہور کے ورکرز کےلئے مخصوص کئے گئے،سندر انڈسٹریل سٹیٹ کے فلیٹ پراجیکٹ کی مجموعی لاگت 3ارب 40 کروڑ روپے ہے، صنعتی ورکرز کےلئے بنائے گئے ہر شاندار فلیٹ کی لاگت 36 لاکھ روپے سے زائد ہے، سندر فیز ٹو کےلئے 672 فلیٹس، ملتان 656 اور وار برٹن ننکانہ صاحب میں 544 فلیٹس صنعتی ورکرز کو دیئے جائیں گے۔

دریں اثنا اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہا سا نحہ آرمی پبلک ماڈل سکول پشاور کے معصوم بچوں کی عظیم قربانی کو بھلایا نہیں جا سکتا، اے پی ایس کے معصوم بچوں، اساتذہ ،عملے کی قربانی بہادری کی مثال ہے،بہادروالدین ،خاندان والوں کو سلام پیش کرتی ہوں،دہشت گردی کےخلاف پاکستان کا عزم غیر متزلزل ،افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کی بدولت ملک کا مستقبل روشن ہے، سانحہ اے پی ایس کے بچوں کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں ہونے دیں گے۔