لودھراں،کھلا مین ہول 7سالہ بچے کی زندگی نگل گیا،وزیراعلیٰ کانوٹس،ڈی سی فارغ
کہروڑ پکا، لودھراں،لاہور: (بیورورپورٹ،سٹاف رپورٹر) لودھراں میں کھلا مین ہول 7سالہ بچے کی زندگی نگل گیا،افسوسناک واقعہ کہروڑ پکا کے علاقے دھنوٹ میں پیش آیا۔
سکول جاتے ہوئے 7سالہ ریحان کھلے مین ہول میں گرا، ریسکیو ٹیم نے بچے کو تشویشناک حالت میں باہر نکالا ،فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا مگرجانبر نہ ہو سکا،ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث پیش آیا، واقعہ نے علاقے میں شدید دکھ و غصے کی فضا پیدا کر دی ،شہریوں نے انتظامیہ سے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بچے کے جاں بحق ہونے پرشدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے ڈی سی لودھراں کو ہٹانے کا حکم دےدیا،مریم نواز نے کہاکسی معصوم جان کو سرکاری افسر کی غفلت کی بھینٹ نہیں چڑھنے دینگے۔


















