سرکاری اداروں میں جزاو سزا، فارمولے پر یقینی عملدرآمد، کارکردگی بہتر بنانے کا ہدف

لاہور(قاضی ندیم اقبال)سرکاری اداروں میں جزا و سزا کے فارمولے پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے ملازمین اور محکمانہ کار کردگی کا گراف بہتر بنانے کا ہدف۔حکومت پنجاب نے صوبہ بھر سے التوا کا شکار محکمانہ انکوائریوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ بورڈ، صوبائی انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز، خود مختار اداروں کے سربراہان،اضلاع میں تعینات ڈپٹی کمشنرز و دیگر کو جاری ہدایات میں قرار دیا گیا ہے کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں ”سروس آف ڈلیوری“ کو بہتر بناتے ہوئے عوامی مشکلات اور مسائل میں کمی لانا اوّلین ترجیح ہے۔ مذکورہ ہدف کو اسی وقت حاصل کیا جا سکتا ہے، جب انتظامی مشینری ایک پیج پر رہتے ہوئے اداروں میں جزا و سزا کے عمل کو یقینی بنائے اور اس ضمن میں قواعد کی روشنی میں زمینی حقائق اور دستیاب ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے بروقت فیصلے کئے جائیں۔ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے جاری ہدایات میں صوبہ بھر کے انتظامی افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے محکمے میں ملازمین اور افسروں کے خلاف موجود انکوائری کیسوں کی بابت رپورٹ ارسال کریں۔ رپورٹ پرفارما کی صورت میں ایس اینڈ جی اے ڈی کو ارسال کی جائے۔رپورٹ میں انکوائری آفیسر کا نام، عہدہ،اسکا گریڈ، مذکورہ آفیسر کے پاس موجود انکوائریوں کی تعد، جس ملازم/ملازمین کے خلاف انکوائری زیر التوا ہے، انکے نام عہدے، ان کے خلاف فریم کئے گئے چارجز/الزامات کے علاوہ اس امر کی بھی نشاندہی کی جائے، کہ مذکورہ انکوائری کس ماہ اور کسی سال شروع ہوئی۔ جبکہ اس امر کی بھی نشاندہی کی جائے کہ کس انکوائری آفیسر نے کس انکوائری کو بروقت مکمل نہیں کیا، اس کی وجوہات کیا ہیں اور اگر انکوائری آفیسر نے انکوائری کی معیاد میں اضافہ لیا ہے، تو اس کے حوالے سے بھی نشاندہی کی جائے۔ تاکہ یہ بات سامنے آ سکے کہ کونسا آفیسر انکوائریز کو تاخیر کا شکار بننے کا سبب ہے۔ذرائع کے مطابق سرکاری اداروں کے ذمہ داران کو رپورٹ ہارڈ کاپی کی صورت میں جمع کروانے کے علاوہ سافٹ کاپی کے طور پر بھی فراہم کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔