”وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب“کی منظوری

لاہور:(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز نے ”وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب“کی منظوری دےدی،مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے ، تفصیلی بریفنگ ،فروری2026 تک اعزازیہ کارڈ کے اجرا کی ڈیڈ لائن مقررکی گئی۔

وزیراعلیٰ نے یکم جنوری سے آئمہ کرام کو اعزازیہ کی ادائیگی شروع کرنے کا حکم دےدیا، اجلاس میں بتایا گیا آئمہ کرام کو پہلی مرتبہ پے آرڈر دیئے جائیں گے، یکم فروری سے باقاعدہ طور پر ”وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد صاحب“ کے ذریعے ادائیگی ہوگی،مریم نواز نے آئمہ کرام کی مزیدرجسٹریشن کا عمل بھی مسلسل جاری رکھنے کی ہدایت کردی،اجلاس میں بتایا گیا پنجاب بھر میں آئمہ کرام کی رجسٹریشن کےلئے 62994فارم وصول ہوئے ، تصدیق کا عمل جاری ہے، ملک و قوم کے مفادات کےخلاف اور اخلاقی یا مالی جرائم میں ملوث امام مسجد کا اعزازیہ بند کر دیا جائے گا،صوبے بھر میں مسجد مینجمنٹ ،تحصیل مینجمنٹ کمیٹیاں بھی قائم کی جائیں گی، وزیراعلیٰ نے اسسٹنٹ کمشنروں کو ہر ماہ آئمہ کرام کو مدعو کرکے میٹنگ کی ہدایت اورحساس ایریا میں مسلسل کومبنگ آپریشن جاری رکھنے کا حکم دےدیا۔

اجلاس میں سیف سٹی کیمروں ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر سخت کاررائی کےلئے قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا،مریم نواز نے فورتھ شیڈول جرائم پیشہ افراد کی ڈیجیٹل نگرانی کےلئے ضروری اقدامات ، غیر قانونی مقیم افغانوں کےخلاف آپریشن مسلسل جاری رکھنے کا حکم بھی دیا۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نوازنے عالمی دن پرخصوصی پیغام میں کہا افراد باہمت ہیرو ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، افراد باہمت بوجھ نہیں،پنجاب کے ماتھے کا جھومر فخر ہیں،پنجاب میں افراد باہمت اب ترس نہیں خود داری کےساتھ اپنا حق لے رہے ہیںجو لوگ زندگی کی مشکلات کے باوجود مسکرانا نہیں چھوڑتے وہی اصل بہادر ،فاتح ہیں، ہر ریاست کی ذمہ داری ہے سپیشل افراد کو احساس محرومی نہیں، احساس ملکیت دے۔

مریم نواز نے کہا ہمت کارڈ کے ذریعے ہزاروں افراد باہمت کو مالی سہارا نہیں مالی بااختیاری دی جا رہی ہے، پنجاب میں سپیشل ہیروز کےلئے الیکٹر بس کا سفر مفت ،معاون و ریمپ بھی بنائے گئے ،وہیل چیئرز دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہیں۔