شہروں سے تجاوزات کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے : کمشنر ساہیوال

ساہیوال(بےورورپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ شہروں سے تجاوزات کا خاتمہ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اور صوبائی حکومت کا پیرا فورس بنانے کا مقصد پنجاب کو تجاوزات سے پاک کرنا ہے۔ وہ یہاں ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم میں پیرا فورس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ڈپٹی کمشنر شاہد محمود،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل،اے سی ساہیوال ماہم واحد،ایس ڈی ای او پیرا فورس نعمان قیصر اور انفورسمنٹ انسپکٹرز عمران سعید،عمیر احمد اور ذیشان احمد سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ پیرا فورس تجاوزات کے خاتمے کیلئے قابل عمل انفورسمنٹ پلان تیار کرے اور انفورسمنٹ پلان کیلئے تاجر تنظیموں اور تاجروں کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔انہوں نے پیرافورس کو ہدایت کی کہ صدر بازار، پاک پتن بازار اور سوڑی گلی کو ماڈل بازار بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کرنے والوں کو بلا تفریق بھاری جرمانے کئے جائیں اور مسلسل خلاف ورزیوں پر دکانوں کو سیل کیا جائے۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ بازاروں سے ریڑھیوں کو مختص جگہوں پر منتقل کرایا جائے اور پیرا فورس کی بازاروں میں مسلسل گشت کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے پیرافورس جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیرا فورس محنت سے کام کرے گی تو نتائج حاصل ہوں گے۔ اجلاس کے دوران انفورسمنٹ انسپکٹرز عمران سعید، عمیر احمد اور ذیشان احمد نے اپنے اپنے ایریاز بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ دریں اثناءساہیوال کے عوام کیلئے ایک بڑی خوشخبری۔ زیر تعمیر کینسر ہسپتال جون 2026 تک مکمل کرلیا جائیگا۔ یہ ہسپتال فرشتہ ٹرسٹ کے تعاون سے جدید طرز پر تعمیر کیا جا رہا ہے اور اس کی تکمیل کے فوراً بعد اسے حکومت پنجاب کے حوالے کر دیا جائے گا۔ ہسپتال کی تعمیر پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے کمشنر آصف طفیل نے اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید نیازی اور فرشتہ فیملی کے مخیر حضرات نے شرکت کی۔ اجلاس میں تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کرنے کے اہم فیصلے کیے گئے۔ کمشنر نے ہسپتال کی نگرانی کیلئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جس کی سربراہی ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کریں گے جبکہ سی ای او ہیلتھ اور میڈیکل انجینئر بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے تعمیراتی کام کی خود باقاعدہ نگرانی کرنے کا وعدہ کیا تاکہ منصوبہ مقررہ وقت سے پہلے مکمل ہوسکے۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے کینسر ہسپتال کی تعمیر میں فرشتہ فیملی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاہور میں کینسر ہسپتال تعمیر کرنے والی ماہر ٹیم کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی تاکہ ساہیوال میں بھی ایک سٹیٹ آف دی آرٹ کینسر ہسپتال تعمیر ہوسکے جو مریضوں کیلئے جدید سہولیات فراہم کرے۔ یہ پیشرفت ساہیوال اور گرد و نواح کے لاکھوں افراد کیلئے امید کی کرن ہے جہاں جلد ہی اس مرض کی جدید ترین طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ دوسری طرف شہر میں جاری سیوریج اور واٹر سپلائی کا اربوں روپے کا منصوبہ اگلے ماہ کے آخر تک مکمل ہو جائے گا جس کے بعد شہر کی سیوریج اور پینے کے پانی کی ضروریات اگلے 30 سال تک پوری ہوں گی۔ پسپ پروگرام پر جاری کام کی تکمیل کا جائزہ لینے کیلئے ایک خصوصی اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ایم ڈی واسا تنویر قیصر سندھو، پسپ کے چیف انجینئر طاہر اور سٹی منیجر اسجد خان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے راجباہ 9 ایل کے نیچے سیوریج لائن لنک کے کام کو ترجیح بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہر کے جنوبی حصے کی سیوریج لائن چلائی جا سکے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس حصے کی تکمیل نہ ہونے کی وجہ سے اولڈ جی ٹی روڈ کی مرمت التوا کا شکار ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے سیوریج لائنز بچھانے کے بعد سڑکوں کی مرمت کے کام کو ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ان سڑکوں پر پانی کا دن میں دو مرتبہ چھڑکا¶ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واسا کی طرف سے بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی کی بھی ہدایت کی تاکہ بھاری سرچارج سے بچا جا سکے۔ اجلاس میں چیف انجینئرپسپ طاہر نے یقین دہانی کرائی کہ شہر میں کالج روڈ اور فرید ٹا¶ن روڈ کا تعمیراتی کام 15 دسمبر تک مکمل کر لیا جائیگا۔