دل کے مریضوں کے علاج میں ایک لمحے کی تاخیر بھی قبول نہیں: وزیر صحت

لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں وزیر اعلیٰ صحت اقدامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان نے شرکت کی،خواجہ سلمان رفیق کو اجلاس کے دوران صحت کے مختلف پراجیکٹس کے مانیٹرنگ فریم ورک، سروس ڈلیوری اور مریضوں کی سہولت کی خاطر اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی،اجلاس کے دوران صحت کے نئے اور منفرد پراجیکٹس کے حوالے سے پبلک فیڈ بیک کا بھی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے فلیگ شپ پروگرامز میں شفافیت کو یقینی،سروس کا معیار بہتر بنانے اور مریضوں کی آسانی کیلئے بہترین مانیٹرنگ کی اہمیت پر زوردیا۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب میں پہلی بار صحت کے شعبے میں تاخیری کلچر کو ختم کر دیا گیا ہے۔پنجاب کے سپیشلائزڈ ہسپتالوں میں لاکھوں مریض مستفید ہوئے، سرجریز کی گئیں جبکہ اربوں روپے کی مفت ادویات تقسیم کی گئی ہیں۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ پنجاب حکومت کا واضح پیغام ہے کہ دل کے مریضوں کے علاج میں ایک لمحے کی تاخیر بھی ناقابل قبول ہے۔سپیشلائزڈ ہسپتالوں میں ایک ارب 92 کروڑ روپے کی مفت ادویات کی فراہمی کی گئی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے کہاکہ پنجاب کے 57 سپیشلائزڈ ہسپتالوں کی پرفارمنس کا بھی اجلاس میں جائزہ لیا گیا ہے۔سرگودھا ڈویژن کے دل کے مریضوں کی سہولت کی خاطر نوازشریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو اپریل 2026 تک مکمل فعال بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر مری کو بھی ہر حال میں وسط فروری تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں چیئرمین بورڈ سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر اسد اسلم خان، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر احسن وحید راٹھور، پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج/ جنرل ہسپتال لاہور پروفیسر فاروق افضل، پرنسپل ڈی مونٹمورینسی کالج آف ڈینٹسٹری پروفیسر نبیلہ ریاض، پرنسپل سمز پروفیسر زوہرہ خانم، پروفیسر اصغر نقی و دیگر افسران نے شرکت کی۔وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد عمر، وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ظفر علی چوہدری، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر مہناز خاکوانی، پروفیسر کاشف اور پرنسپل قائد اعظم کالج نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد وسیم اور ایڈیشنل سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن سدرہ سلیم نے بھی شرکت کی۔