پنجاب، کینسر کے مریضوں کیلئے مفت ادویات کی فراہمی معطل، زندگی کی ڈور کٹنے کا اندیشہ

لاہور ( میاں ساجد )کینسر کے مریضوں کیلئے مفت ادویات کی فراہمی کا عمل معطل، سی ایم ایل منصوبے کے تحت رجسٹرڈ مریض شدید پریشانی میں مبتلا۔ مفت ادویات کی بندش کے باعث سینکڑوں مریضوں کا علاج متاثر ہونے لگا۔کینسر کے مریض موت و زندگی کی کشمکش میں آخری سانسوں میں سانسیں لینے لگے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں سی ایم ایل پراجیکٹ کے تحت فراہم کی جانے والی ادویات کی سپلائی چند ہفتوں سے نہ صرف معطل ہے بلکہ موذی مرض کا شکار مریض ہسپتالوں میں خوار بھی ہو رہے ہیں۔ روزنامہ ”مشرق“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کینسر کے مریضوں کا کہنا ہے کہ انہیں پرائیویٹ مارکیٹ سے مہنگی ادویات خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ جو ان کیلئے ناقابل برداشت ہے۔ مریضوں کے لواحقین نے سے اپیل کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ذاتی طور پر نوٹس لیتے ہوئے ادویات کی فراہمی اور فوری بحالی کیلئے کو یقینی بنانے کیلئے اپنے احکامات جاری کریں۔ تاکہ کینسر کے مریضوں کی زندگیوں کو لاحق خطرات کو کم کیا جا سکے۔ ترجمان محکمہ صحت پنجاب نے روز نامہ ”مشرق“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کینسر مریضوں کیلئے مفت ادویات کی فراہمی کے حوالہ سے کہنا تھا کہ پنجاب سی ایم ایل پروجیکٹ کیلئے رپورٹ کیے گئے تقریباً 6000 فعال مریضوں میں سے 93% مریض Imatinib اور Nilotinib کے علاج پر ہیں۔ Imatinibدستیاب ہے اور مریضوں کو فراہم کی جاتی ہے۔ نیلوٹینیب کا سٹاک موصول ہو گیا ہے اور اسے ٹیسٹ/تجزیہ کیلئے بھیجا گیا ہے جو معیاری کوالٹی ٹیسٹنگ رپورٹ موصول ہونے کے بعد فراہم کیا جائے گا۔7% مریض Ruxolitinib اور Everolimus کے علاج پر تھے جن کیلئے متبادل ادویات کے علاج پر ماہرین کی کمیٹی/ اونکولوجی کے پروفیسرز نے تبادلہ خیال کیاکمیٹی نے چھاتی کے کینسر اور لمفوماس کے علاج کیلئے مزید آٹھ دواوں کی شمولیت کے ساتھ کینسر کے علاج کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا۔ محکمہ نے پہلے ہی کینسر کے خلاف استعمال ہونیوالی ادویات کی خریداری شروع کر دی ہے۔ جس کو کینسر کے مریضوں کو جلد فراہم کردیا جائیگا۔