ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے گندم کا جعلی اور غیرمعیاری بیج، زرعی ادویات و کھاد فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کی ہدایت کر دی۔ ایسے کسان دشمن عناصر کی خفیہ ایجنسیوں سے معلومات لے کرکاروائی کی جائے اور انہیں پابند سلاسل کیا جائے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں گندم کی کاشت سے متعلقہ ڈویژنل کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید، ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا، ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر جاوید،ایس ڈی ای او پیرا نعمان قیصر اور اے سی جنرل غلام حسین بھٹی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ کاشت کے مقررہ ہدف کے حصول کے لئے فیلڈ میں متحرک رہیں اور زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے کھاد، معیاری بیج اور نہری پانی کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنائیں۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں گندم کی کاشت کا 84 فی صد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے جو دسمبر کے پہلے ہفتے تک جاری رہے گی لہٰذا توقع ہے کہ 8 لاکھ 36 ہزار ایکڑ کاشت کا مقررہ ہدف باآسانی حاصل کر لیا جائے گا۔ اب تک7 لاکھ ایک ہزار 347 ایکڑ پر گندم کاشت کی جا چکی ہے جس میں ضلع ساہیوال میں 247478ایکڑ، ضلع اوکاڑہ میں 266468ایکڑ جبکہ ضلع پاکپتن میں 187401ایکڑ پر گندم کاشت کی جاچکی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع ساہیوال میں 51461، ضلع اوکاڑہ میں 21478ایکڑ جبکہ ضلع پاکپتن مین4745ایکڑ سرکاری اراضی پر بھی گندم کاشت کی جاچکی ہے۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے گورنمنٹ حاجی عبدالقیوم ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے میڈیکل وارڈ اور سرجیکل وارڈ میں طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ وارڈز کے اندرون حصہ کو وائٹ واش کروایا جائے اور تمام کمروں کے ایگزاسٹ فین کو فنگشل رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واش رومز کی صفائی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے ہسپتال کے گراونڈز اور گرین لانز میں بھی صفائی یقینی بنانے اور ڈینگی سپرے کروانے کی ہدایت کی۔ دورے کے دوران کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہسپتال میں آئے مریضوں سے فراہم طبی سہولیات بارے پوچھا اور ڈاکٹرز کو اپنی ڈیوٹی ایمانداری سے کرنے کی ہدایات دیں۔ بعد ازاں انہوں نے نشے میں مبتلا افراد کے علاج کیلئے قائم ری ہیب سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے فرشتہ ٹرسٹ کی جانب سے زیرِ تعمیر کینسر ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔ میاں نوید مشتاق فرشتہ نے انہیں تعمیراتی پیشرفت اور ہسپتال کے منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے ہسپتال کی زیرِ تعمیر عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ کینسر کے مریضوں کے علاج کیلئے درکار مشینری اور آلات ہسپتال کو مہیا کر دیے گئے ہیں تاہم عمارت کی تکمیل کے بعد انہیں نصب کیا جائے گا۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے فرشتہ فیملی کی اس فلاحی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ساہیوال کے عوام کیلئے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور امید ہے کہ ہسپتال کا کام جلد مکمل ہوگا جس سے شہریوں کو کینسر جیسے موذی مرض کے علاج کیلئے مقامی سطح پر بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔
جعلی بیج، غیرمعیاری زرعی ادویات کیخلاف کریک ڈاﺅن کیا جائے: کمشنر ساہیوال

















