سرکاری محکموں کی بنیادی ذمہ داری عوامی شکایات و مسائل کا حل ہے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ سرکاری محکموں کی بنیادی ذمہ داری عوامی شکایات و مسائل کا حل اور ملکی قوانین کا نفاذ ہے تاکہ عوام کا حکومت پر اعتماد مضبوط ہو اور قوانین کا موثر نفاذ ممکن بنایا جا سکے۔ تمام وفاقی و صوبائی محکمے باہمی روابط کو بہتر کریں اور مسائل کے حل کیلئے ایکشن پلان بنائیں اور قابل عمل تجاویز پیش کریں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹیوں کے ڈویژنل اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں آر پی او محبوب رشید، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز شاہد محمود، احمد عثمان جاوید، آصف رضا، ڈی پی اوز محمد عثمان ٹیپو، راشد ہدائت محمد، جاوید اقبال چدھڑ، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر اور اے سی جنرل غلام حسین بھٹی سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ڈویژنل سربراہان نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اعتماد میں لےکر کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد نہ صرف دیرپا ہوتا ہے بلکہ اس سے گورننس میں بھی بہتری آتی ہے اس لیے ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر اٹھائے جانے والے اقدامات بارے عوام کو بھی آگاہ رکھیں۔ انہوں نے ٹیکسوں کی وصولی میں ایف بی آر کو بھرپور تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وفاقی اور صوبائی محکمے باہمی رابطہ کو مزید بہتر بنا کر مثبت نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے تجاوزات کے خلاف جاری مہم، گدا گیری کے خاتمے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات، ٹریفک کو ریگولیٹ کرنے، مدارس کی رجسٹریشن، بجلی چوری اور سمگلنگ روکنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارے اجلاس کو تفصیلی آگاہ کیا۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اندرون لاری اڈہ اور جنرل بس سٹینڈ سمیت شہر میں پارکنگ اور ریڑھی بازار کیلئے مختص مقامات کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن (ر) اسامہ مجید، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی وفد کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ شہر کے مختلف مقامات پر باقاعدہ پارکنگ اسٹینڈز اور ریڑھی بازار قائم کیے جائیں تاکہ شہریوں کو خرید و فروخت میں سہولت میسر آئے۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ اسٹینڈز کے قیام سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو سڑکوں پر کھڑا کرنے کی رجحان میں کمی آئے گی جس سے ٹریفک کے مسائل بھی م¶ثر طور پر حل ہوں گے۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی آسانی اور ٹریفک کی روانی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام منصوبے جلد از جلد مکمل کئے جائیں۔ دوسری طرف ساہیوال بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن نے میٹرک سیکنڈ سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے نتائج کا اعلان کیا۔ امتحانات میں 12277 طلبہ و طالبات شریک ہوئے جن میں سے 7157نے کامیابی حاصل کی ۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 58.30 فی صد رہا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹرسیف اللہ بھٹی، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت اور سیکرٹری بورڈ فیاض سلیمی بھی تقریب میں موجود تھے۔ میٹرک سیکنڈ سالانہ امتحانات میں ایک ریگولر جبکہ 12276 پرائیویٹ طلبہ و طالبات نے امتحان دیا جن میں 10170 سائنس گروپ اور 2106 جنرل گروپ کے طلبہ و طالبات شامل تھے۔