بہترین کارڈیک سہولیات کی فراہمی کا کریڈٹ وزیراعلیٰ کو جاتا ہے: سلمان رفیق

لاہور (اپنے رپورٹر سے)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان نے شرکت کی۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران نوازشریف کارڈیک سنٹر مری میں علاج و معالجہ کا تفصیلی جائزہ لیا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری آپریشنز نبیلہ عرفان، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ بینش فاطمہ ساہی، ایڈیشنل سیکرٹری اشفاق الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری امیر محمد، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن خدیجتہ الکبریٰ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر وسیم، ڈائریکٹر بجٹ اینڈ اکاﺅنٹس حماد الرب و دیگر افسران نے شرکت کی۔وڈیو لنک کے ذریعے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسر مسفراح اور ایم ایس سید محمد حسین ساملی ہسپتال اینڈ نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر ڈاکٹر قیصر محمود عباسی و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کی دہلیز پر بہترین اور جدید کارڈیک سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہیں۔ڈیڑھ سال کے قلیل عرصہ کے دوران عوام تک بہترین کارڈیک سہولیات کی فراہمی کا کریڈٹ وزیر اعلیٰ پنجاب اور حکومت پنجاب کو جاتا ہے۔مری و گردونواح کی عوام کو کارڈیک کی جدید سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ سید محمد حسین ساملی ہسپتال اینڈ نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر مری و گردونواح کیلئے ایک بہترین علاج گاہ ثابت ہو گا۔حکومت پنجاب کارڈیک کے تمام پراجیکٹس کیلئے تاریخ میں پہلی بار کروڑوں روپوں کی جدید مشینری خرید رہی ہے۔اجلاس کے دوران اس ادارے کیلئے طبی سامان و ایچ آر کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔ صوبائی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے کہاکہ متعلقہ افسران کو ایچ آر سمیت دیگر معاملات کو جلد حل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ہسپتال میں مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر مری میں رجسٹرڈ مریضوں تک ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔