سندھ میں بچوں میں ایچ آئی وی کیسوں میں نمایاں اضافہ

کراچی (مشرق نیوز) سندھ میں بچوں میں ایچ آئی وی کیسوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا، گزشتہ ہفتے مزید 4 بچوں میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہوئی ہے۔ سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن کی سکریننگ میں 476 میں سے 12 بچوں میں ایچ آئی وی مثبت رپورٹ ہوا جن کا تعلق مختلف اضلاع سے ہے۔

کراچی کے ولیکا ہسپتال میں گزشتہ ہفتے 18 اور سیسی ہسپتال میں 3 بچوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوئی ہے۔ اسی طرح انڈس ہسپتال، انفیکشس ڈیزیز ہسپتال نیپا اور دیگر مراکز سے بھی نئے کیس سامنے آئے ہیں۔

ڈاکٹرز کے مطابق بار بار نمونیا، بخار، وزن میں کمی اور شدید غذائی قلت والے بچوں میں ایچ آئی وی کے کیسوں بڑھ رہے ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ چھوٹے مراکز میں ڈبلیو ایچ او منظور شدہ سکریننگ کٹس کی کمی بروقت تشخیص کو متاثر کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال اکتوبر تک صوبے میں 29 نئے کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔