اسلام آباد خودکش حملے میں ملوث کالعدم ٹی ٹی پی سیل کے 4دہشتگرد گرفتار
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)اسلام آباد خودکش حملے میں ملوث کالعدم ٹی ٹی پی سیل کے 4دہشتگرد گرفتار،ہینڈلر نے سنسنی خیز انکشافات کردئیے۔
انٹیلی جنس بیورو ڈویژن اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرکے جوڈیشل کمپلیکس جی11 اسلام آباد پر حملے میں ملوث ٹی ٹی پی، فتنہ الخوارج کے دہشت گرد سیل کے 4 اراکین گرفتار کر لئے،دوران تفتیش خودکش حملہ آور کے ہینڈلرساجد عرف شینانے اعتراف کیا ٹی ٹی پی/فتنہ الخوارج کمانڈر سعید الرحمن عرف دادا(ساکن چرمانگ، باجوڑ، حال مقیم افغانستان اور باجوڑ کے نواگئی کیلئے ٹی ٹی پی کا انٹیلی جنس چیف) نے ٹیلی گرام ایپلی کیشن کے ذریعے رابطہ کر کے اسلام آباد میں خودکش حملہ کرانے کا کہا تاکہ قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچایا جاسکے،داد انے ساجد عرف ”شینا“ کو خودکش بمبار عثمان عرف ”قاری“ کی تصاویر بھیجیں تاکہ پاکستان میں وصول کرے۔
خودکش بمبار عثمان عرف ”قاری“ کا تعلق شنواری قبیلے سے تھا اور وہ اچین، ننگرہار افغانستان کا رہائشی تھا، خودکش بمبار افغانستان سے پاکستان پہنچا تو ساجد اللہ عرف ”شینا“ نے اسلام آباد کے نواحی علاقے میں ٹھہرایا،افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی / فتنہ الخوارج کے کمانڈر داد کی ہدایت پر ساجد عرف ”شینا“ نے اکھن بابا قبرستان پشاور سے خودکش جیکٹ حاصل کی اوراسلام آباد پہنچایا اور دھماکے کے روز ساجد نے خودکش بمبار عثمان عرف ”قاری“ کو خودکش جیکٹ پہنائی،تفتیش کے مطابق فتنہ الخوارج /ٹی ٹی پی کی افغانستان میں موجود اعلیٰ قیادت ہر قدم پر نیٹ ورک کی رہنمائی کر رہی تھی، واقعہ میں ملوث پورا سیل پکڑا جا چکا ، آپریشنل کمانڈر اپنے 3 دہشت گرد ساتھیوں سمیت گرفتار ہو چکے ، مزید انکشافات و گرفتاریاں متوقع ہیں۔
















