کیڈٹ کالج پر حملہ کرنےوالے افغانی ،اسلام آبادحملے کا سہولت کار ،ہینڈلر گرفتار

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) کیڈٹ کالج وانا پر حملہ کرنےوالے دہشتگرد افغانی نکلے۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا حملے کی منصوبہ بندی اور کنٹرول افغانستان سے کیا گیا ،منصوبہ بندی افغانستان میں خارجی زاہد نے کی ،حتمی منظوری خارجی نورولی محسود نے دی ،حملے میں شامل تمام افراد افغانی ،تانے بانے افغانستان میں موجود خارجی نور ولی محسود سے ملتے ہیں،حملے کےلئے امریکی ساختہ سازوسامان افغانستان سے لایا گیا، خارجی نور ولی محسود کے حکم پر کالعدم ٹی ٹی پی سے حملے کی ذمہ داری ہٹا کر جیش الہند نامی تنظیم پر ڈالی گئی۔

بیان میںوزارت اطلاعات نے کہاافغان طالبان پاکستان ،دوست ممالک کے اعتراض کے پیش نظر فتنہ الخوارج پر حملوں کی ذمہ داری قبول نہ کرنے کےلئے دباو ڈالتے ہیں،کیڈٹ کالج وانا پر حملے کا مقصد بھارتی ایجنسی ”را“ کے مطالبے پر پاکستان میں سکیورٹی خدشات کو بڑھانا تھا،ہلاک افغان دہشتگردوں کی شناخت سے افغانستان سے ہونےوالی دہشتگردی واضح طور پر ابھرتی ہے۔

سکیورٹی ذرائع نے کہا افغان طالبان کی طرف سے فتنہ الخوارج پر دباو رہتا ہے اپنی اصلی شناخت استعمال نہ کریں کیونکہ پاکستان ،دوست ممالک کا دباو بڑھتا ہے،آڈیو میں سنا جا سکتا ہے خوارج جیش الہند کا متعدد بار نام لیتے ہوئے اردو میں بات کر رہا ہے تا کہ اصل شناحت سامنے نہ آئے، حملے کیلئے تمام سازوسامان افغانستان سے فراہم کیا گیا ،امریکی ساختہ ہتھیار شامل تھے،نیشنل ایکشن پلان اور عزم اے استحکام کے تحت آخری دہشتگرد ختم ہونے تک آپریشن جاری رہیں گے۔

ادھر سکیورٹی اداروں نے اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس پر ہونےوالے خودکش حملے کے سہولت کار ،ہینڈلر کو گرفتار کر لیا،پولیس ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنےوالے اداروں نے برق رفتاری سے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزموں کو حراست میں لیا، سہولت کار ایک ماہ سے راولپنڈی میں مقیم تھا ،ہینڈلر کو خیبرپختونخوا سے گرفتار کیا گیا۔

حملے سے قبل سہولت کار اور خودکش بمبار کی جانب سے جوڈیشل کمپلیکس کی متعدد بار ریکی کی گئی تاکہ حملے کی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دی جا سکے، ملزموں کو کونامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا،سہولت کار راولپنڈی کینٹ کے اہم مقامات کی ریکی بھی کرتا رہا۔

دریں اثناوزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا اسلام آباد کچہری پر حملے کا خودکش بمبار افغانستان سے تعلق رکھتا ہے، ابتدائی تحقیقات سے بات سامنے آئی حملہ آور پاکستانی زبان سمجھ سکتا نہ کرنسی نوٹوں سے واقف تھا،بمبار اسلام آباد میں داخل ہونے کے بعد مختلف موٹر سائیکلوں پر سفر کرتا رہا ،پاکستانی کرنسی میں کرایہ ادا کرنے میں دشواری پیش آ رہی تھی،اسلام آباد کو محفوظ بنانے کیلئے سکیور نیبر ہوڈ کے نام سے سروے شروع کریں گے،سروے کے بعد انتظامیہ کو معلوم ہوگا وفاقی دارالحکومت میں کس جگہ پر کون رہ رہا ہے،گاڑیوں ،موٹرسائیکلوں کےلئے الیکٹرانک ٹیگ لازمی قرار دیا جائےگا،کسی بھی گاڑی کی مانیٹرنگ کی جا سکے گی۔