مریم نواز نے صحت کے شعبہ کو اپنے ترجیحات میں سر فہرست رکھا:صوبائی وزرا صحت

لاہور ( اپنے رپورٹر سے )کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے 58 ویں کانووکیشن کی پروقار تقریب کا گزشتہ روز انعقاد ہو۔ کانووکیشن میں 804 ڈاکٹرز کو فیلوشپ، 160 کو ممبرشپ جبکہ 4 کو ممبرشپ ہیلتھ پروفیشن ایجوکیشن کی اسناد تقسیم کی گئیں۔وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وزرائے صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے تقریب میں بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔ ملک کے طول و ارض سے سی پی ایس پی کے عہدیداران، طبی اداروں کے سربراہان، شعبہ طب سے وابستہ اہم شخصیات، سینئر پروفیسرز، کامیاب ہونے والے فیلوز کے والدین اور فیملی ممبرز بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل میڈیکل ایجوکیشن پروفیسر عامر زمان خان نے کالج کے نئے پاس آوٹ ہونے والے فیلوز اور ممبران سے حلف لیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ سی پی ایس پی کی خدمت قابل ستائش ہیں۔ میرا اس ادارے سے گذشتہ 15 برسوں سے تعلقات وابستہ ہیں ۔سی پی ایس پی کے بانی رہنما مرحوم ظفر اللہ چوہدری سے دیرینہ تعلقات تھے۔پنجاب کے مختلف طبی اداروں سے ہر سال 10 ہزار کے قریب پوسٹ گریجوایٹ ریزیڈینٹس لیول تھری اور لیول فور کی ٹریننگ کرتے ہیں ۔ان پوسٹ گریجویٹس کو 15 ارب روپے کے اعزازیے دیئے جاتے ہیں۔محکمہ صحت نے نئے ہسپتالوں میں پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کی سیٹوں میں اضافہ کیا ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحت کے شعبہ کو اپنے ترجیحات میں سر فہرست رکھا ہوا ہے۔آج کا دن فیلوز اور ان کے والدین کیلئے انتہائی خوشی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے شعبہ صحت میں چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام،کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ پروگرام، ڈائیلسز پروگرام،کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتال جیسے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں۔حکومت پنجاب لاہور میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ،لاہور اور سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹس آف کارڈیالوجی اور بہاولپوراور راولپنڈی میں نئے چلڈرن ہسپتال بھی بنارہی ہے۔ ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو جلد عوام کیلئے کھول دیں گے۔نئے بنائے جانے والے ہسپتالوں میں میڈیکل افسران،ویمن میڈیکل افسران،فیلوز،کنسلٹنٹس،نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی ہزاروں آسامیوں پر بھرتی بھی کی جائیگی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ہی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ہماری تمام ترکامیابیاں صرف اور صرف ہمارے والدین کی دعاو¿ں کی وجہ سے ہیں۔صوبائی وزیر محکمہ صحت و آبادی خواجہ عمران نذیرنے اپنے اظہار خیال میں کہاکہ آپ یہاں ہیں تو اس کے پیچھے آپ کی شبانہ روز محنت ہے۔چند لوگوں کو چھوڑ کر ہمارے ڈاکٹرز اپنے فرائض تندہی اور ایمانداری سے ادا کر رہے ہیں۔ یقین رکھیں پاکستان کی بقاءکیلئے مشکل فیصلے کئے، مگر الحمدللہ ہم ابھرے اور ناقدین کے منہ بند کئے۔آج پاکستان کو اقوام عالم میں جو عزت مل رہی ہے اس پر ہم سب کو فخر ہے۔اللہ نے اپنے گھر اور اپنے حبیب کے روزے کی حفاظت کی ذمہ داری کسی ایک شحص کو نہیں تمام پاکستانیوں کو دی ہے۔10 مئی کے ہیروز کو سلام، انہوں نے اپنے حصے کا کام کر دیا اب ہماری باری ہے۔آپریشن بنیان مرصوص نے ہمیں ایک قوم بنایا ہے۔ ایچ پی وی ویکسین کو ڈیجیٹل عطائیوں نے ہیک کرنے کی کوشش کی، مگر ناکام ہوئے۔ پروفیسر خالد مسعود گوندل نے تقریب سے خطاب میں کہاکہ آج کا دن فیلوز کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے۔ بچوں کی کامیابی کا راز اللہ پاک کا فضل و کرم اور ان کے والدین کی دعائیں ہیں۔ اللہ کے فضل و کرم سے اس وقت ہمارے پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کو ترقی یافتہ ممالک برطانیہ آئرلینڈ سمیت مڈل ایسٹ اور ساو¿تھ ایشیا کے ممالک میں تسلیم کیا جا چکا ہے۔ہمارا مقصد پاکستان کی ساکھ کو بین الاقوامی سطح پر زیادہ سے زیادہ مضبوط بنانا ہے۔کانووکیشن میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے پر ڈاکٹر محمد اسامہ کو پروفیسر زیڈ کے قاضی گولڈ میڈل، ڈاکٹر طیبہ راشد کو پروفیسر سید مظفر حسن گولڈ میڈل، ڈاکٹر فیضان عامر کو میجر جنرل (ر)افتخار ملک گولڈ میڈل، ڈاکٹر کومل اکرم کو پروفیسر عنبرین افضل احسان گولڈ میڈل اور ڈاکٹر قندیل فاطمہ کو پروفیسر سلطان فاروقی گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔