صوبے پر اٹھنے والی انگلی توڑ دونگی، سندھ کا حال دیکھیں، اپنے مشورے پاس رکھیں: مریم نواز
لاہور، ڈی جی خان (اپنے رپورٹر سے+ ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈی جی خان میں الیکٹرک بسوں کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پیپلزپارٹی ہماری اتحادی ہے مگر افسوس کےساتھ انہوں نے پنجاب کے سیلاب پر سیاست کی، زرداری میرے بزرگ ،بلاول چھوٹا بھائی ہے،پیپلزپارٹی کے ترجمانوں کو سمجھائیں، سندھ میں آفت آئے تو پنجاب ساتھ کھڑا ہوگا ، کسی کو پنجاب کے لوگوں کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دوں گی، اگرصوبے پر کوئی انگلی اٹھے گی تو توڑ دوں گی،وزیراعلیٰ نے کہا سندھ کا کیا حال ہے میں بات نہیں کرنا چاہتی، اپنے مشورے اپنے پاس رکھیں ہم پنجاب کو سنبھال لیں گے، مجھے کہا جارہا ہے میں کیوں دنیا کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلا رہی، میں نواز شریف کی بیٹی ہوں کسی کے آگے امداد کےلئے ہاتھ نہیں پھیلاوں گی، کوئی باعزت شخص امداد مانگنے کی بات کیسے کرسکتا ہے؟ مجھے کسی امداد کی ضرورت نہیں، پنجاب کے عوام کا پیسہ پنجاب کے عوام پر ہی خرچ ہوگا،تنقید نہیں کرنا چاہتی مگربی آئی ایس پی میں صرف10ہزار ملتے ہیں، ہم نے10لاکھ دینے ہیں،حلفًا کہتی ہوں ابھی تک وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ایک پیسہ نہیں لیا، پنجاب حکومت کو مفت مشورے دیئے جا رہے ہیں، سندھ میں کیا حال ہے بات نہیں کرنا چاہتی ، سینٹرل ، ساوتھ ، نارتھ پنجاب کسی میں کوئی فرق نہیں کرتے،مریم نواز نے کہا این ایف سی کا شیئر ہر کسی کو برابر ملتا ہے، جہاں کارڈ کے ذریعے پیسے دینے ہوتے ہیں وہ بھی مریم نواز کررہی ہے لیکن یہ پیسہ ان کو نہیں جاتا جو کچھ نہیں کرتے اور گھر بیٹھے مہینے کے پیسے وصول کررہے ہوتے ہیں بلکہ ان کو جارہا ہے جو پورا مہینہ محنت مزدوری کرتے ہیں مگر بچوں پر خرچ کرنے کےلئے ان کے پاس پیسہ نہیں ہوتا،جنوبی پنجاب کی بات کرنے والوں کو یہاں بھی اقتدار ملا تھا، جنوبی پنجاب میں کام تو نواز شریف اور شہباز شریف نے کیا تھا، ماضی میں جنوبی پنجاب کو نعروں کے سوا کچھ نہیں ملا ہم یہاں عملی کام کررہے ہیں، جنوبی پنجاب کے صوبوں میں سکول کے بچوں کو دودھ بھی دیا جاتا ہے، بار بار جنوبی پنجاب کی بات کرکے لکیر کھینچنے کی کوشش کی جاتی ہے، جنوبی پنجاب کی بات کرنے والوں نے ایک دھیلے کا بھی کام نہیں کیا، جنوبی پنجاب میرے لیے اپنے بیٹے جنید کی طرح ہے، کسی کو پنجاب کے لوگوں کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دوں گی، میں جنوبی اور وسطی کی نہیں پورے ایک صوبے کی وزیراعلیٰ ہوں،وزیر اعلیٰ نے کہا ڈی جی خان ڈویژن کیلئے 101 بسیں چلیں گی، لیہ، مظفرگڑھ، راجن پور، تونسہ، کوٹ ادو میں ای بسیں چلیں گی، ماحول دوست بسوں میں خواتین، طلبہ، بزرگوں کیلئے مفت سفر ہوگا، معذور اور خصوصی افراد کیلئے بسوں میں ریمپ کی سہولت موجود ہے، خواتین کیلئے بسوں میں محفوظ اور باعزت الگ جگہ ہے، بارڈر ملٹری پولیس میں پہلی بار خواتین کی شمولیت سے خوشی ہوئی، تمام شہروں کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔


















